Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نام نہاد اسلامی جماعتوں کی مہم جوئی سے ہوشیار رہا جائے، رابطہ عالم اسلامی

جزائز قمر ۔۔۔۔ رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد العیسیٰ نے کہا ہے کہ نام نہاد اسلامی جماعتوں کی مہم جوئی سے ہوشیار رہا جائے۔وہ جزائر قمر یونیورسٹی کے تعاون سے رابطہ عالم اسلامی کے زیر اہتمام ہونے والے علمی فورم سے خطاب کررہے تھے۔ فورم کی سرپرستی جزائر قمر کے صدر غزالی عثمان نے کی۔ فورم نے مطالبہ کیا کہ انتہا پسندی اور شدت پسندی سے نمٹنے کیلئے دنیا بھر کے مسلمانوں میں آگہی کو فروغ دیا جائے۔ تمام اہل قبلہ اپنے مذہب کے مقاصد حاصل کرنے کے مشن پر متفق ہوں۔ اپنی دنیا کو بہتر بنائیں اور درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کی تیاری کریں۔ فورم کے شرکاءنے جس کاعنوان تھا ”صحابہ کرام رضی اللہ عنہم امت کے وجدان میں“ مطالبہ کیا کہ امت کے درمیان اختلافات کا دائرہ متعین کرنے ، اہم مسائل کا جائزہ لینے، معلق پڑے ہوئے مسائل کی گتھیاں سلجھانے، اسلامی فقہ اکیڈمیوں کو عصر حاضر کے مسائل کے احکام کی بابت مرجع تسلیم کرنے کے لئے دنیا بھر میں کانفرنسوں، سیمیناروں اور فورمز کا اہتمام کیا جائے۔ جزائر قمر کے صدر نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ اسلامی تاریخ کے عہد اول کے لوگ منفرد خصوصیات کے مالک تھے۔ ہمیں انہی کے نقش قدم پر چلنا ہوگا۔ انہوں نے رابطہ عالم اسلامی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو فرقہ وارانہ تنازعات اور مسلکی جھگڑوں سے بچانے کیلئے کوشاں ہیں۔ڈاکٹر العیسیٰ نے صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ رابطہ اسلام کا صاف شفاف تعارف کرا رہا ہے۔ شدت پسندی، انتہا پسندی اور دہشتگردی کا مقابلہ کررہا ہے۔ اس حوالے سے جس کو جو تعاون درکار ہے وہ پیش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب لوگ صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم کے اسلامی جذبے سے سرشار ہوں۔ یہ وہ ہستیاں تھیں جنکی تربیت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے اسکول میں کی تھی۔ یہ سب ایک دوسرے سے پیار، محبت اور اخوت کے منفرد رشتے سے جڑے ہوئے تھے۔ 

شیئر: