Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہباز شریف سے سعودی وزیر توانائی، اقتصاد اور ماحولیات کے وزرا کی ملاقات

اقتصادی تعاون کے ایجنڈے کو نئےعزم کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں۔(فوٹو: وزیراعظم ہاوس)
وزیراعظم شہباز شریف سے پیر کو ریاض میں عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کے دوران سعودی وزیر توانائی ،اقتصاد و منصوبہ بندی اورماحولیات و زراعت کے وزرا نے ملاقات کی ہے۔ 
سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان سے ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کا عمل آسان بنانے کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان توانائی کے تعاون کے شعبے میں تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم ہاوس سے جاری بیان کے مطابق سعودی وزیر توانائی نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی برادرانہ تعلقات کا ذکر کیا اور سعودی عرب کی ترقی میں پاکستانیوں کے اہم کردار کو سراہا۔ 
شہباز شریف نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے ساتھ اقتصادی شراکت داری کو بڑھانے میں دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔
انہوں نے کہا ’دونوں ملک اقتصادی تعاون کے ایجنڈے کو نئے جوش اور عزم کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں‘۔
انہوں نے امید ظاہر کی ’دونوں ممالک کی تکنیکی ٹیمیں اپنا کام مکمل کر لیں گی اور بہت سے باہمی فائدہ مند منصوبے جلد شروع کیے جائیں گے‘۔
 سعودی وزیر اقتصاد و منصوبہ بندی انجینئر فیصل بن فاضل الابراہیم اور وزیر ماحولیات، پانی و زراعت عبدالرحمن عبدالمحسن الفضلی نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔
شہباز شریف نے پاکستان کے زرعی شعبے کی استعداد پر روشنی ڈالی اور کہا’ پاکستان، سعودی عرب کے لیے بریڈ باسکٹ ثابت ہو سکتا ہے۔ نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کے لیے غذائی تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے‘۔
سعودی وزیر اقتصاد نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو بڑھانے پر وزیراعظم کی ذاتی توجہ کو سراہا۔ 

شیئر: