Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرکٹ ورلڈ کپ 2019: کھلاڑی کروڑوں میں کھیلیں گے

کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز 30 مئی سے انگلینڈ میں ہو رہا ہے۔
رواں برس کرکٹ ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کو ریکارڈ 40 لاکھ ڈالرز انعامی رقم ملے گی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے رنر اپ، سیمی فائنلسٹ اور گروپ مرحلے کے میچ جیتنے والی ٹیموں کے لیے بھی انعامی رقم کا اعلان کر دیا ہے۔
ورلڈ کپ 2019ء میں شامل تمام ٹیموں میں مجموعی طور پر 10 کروڑ ڈالرز کی رقم تقسیم کی جائے گی۔ 
آئی سی سی کی ویب سائٹ کے مطابق میگا ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 40 لاکھ ڈالرز ( قریباً 60 کروڑ روپے) کی انعامی رقم دی جائے گی جبکہ فائنل ہارنے والی ٹیم کے حصے میں 20 لاکھ ڈالرز آئیں گے۔
سنہ 2015 میں کھیلے گئے ورلڈ کپ میں فاتح ٹیم کو ساڑھے 37 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم کا چیک دیا گیا تھا جو اس مرتبہ بڑھا کر 40 لاکھ ڈالرز کردیا گیا ہے۔
سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی چار ٹیموں میں سے  ہارنے والی دونوں ٹیموں کو آٹھ آٹھ لاکھ ڈالرز انعامی رقم دی جائے گی جو گذشتہ ورلڈ کپ میں چھ چھ لاکھ ڈالرز تھی۔


آئی سی سی کی جانب سے ٹیموں کو مجموعی طور پر 10 کروڑ ڈالرز کی انعامی رقم دی جائے گی۔

 گروپ مرحلے کے بعد ایونٹ سے 6 ٹیمیں باہر ہو جائیں گی جنہیں آئی سی سی کی جانب سے ایک ایک لاکھ ڈالر دیا جائے گا۔
آئی سی سی کے مطابق گروپ مرحلے کے ہرمیچ کی فاتح ٹیم کو 40 ہزار ڈالرز ملیں گے۔
یاد رہے کہ کرکٹ کا 12 واں ورلڈ کپ رواں برس 30 مئی سے انگلینڈ میں شروع ہو رہا ہے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 14 جولائی کو لارڈز کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
انگلینڈ میں ہونے والے اس ورلڈ کپ میں دنیا کی 10 بہترین ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔ سیمی فائنل تک پہنچنے کے لیے ہر ٹیم 9 میچز کھیلے گی، گروپ مرحلے کے دوران 45 میچز کھیلے جائیں گے۔

شیئر: