Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یہ میرے کام کی نقل ہے‘ کنگنا کی فلم پھر تنازعے کی نذر

ہنگری سے تعلق رکھنے والی ایک آرٹسٹ فلورا بورسی مطابق یہ ان کے فلم کی نقل ہے (فوٹو: فلورا بورسی ٹوئٹر)
بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت کی فلمیں اکثر کسی نہ کسی حوالے سے تنازعات کی نذر ہو جاتی ہیں۔ حال ہی میں ان کی ریلیز ہونے والی ایک فلم ’ججمینٹل ہے کیا‘ کے حوالے سے ایک نیا  معاملہ سامنے آگیا۔
ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق ہنگری سے تعلق رکھنے والی ایک آرٹسٹ فلورا بورسی نے کنگنا رناوت کی فلم ’ججمینٹل ہے کیا‘ کے ایک پوسٹر کو اپنی پینٹنگ کی نقل قرار دے دیا۔
یہ معاملہ تب منظر عام پر آیا جب آرٹسٹ  فلورا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس حوالے سے آواز اٹھاتے ہوئے ایک ٹویٹ کی جس میں انہوں نے الزام عائد کرتے ہو ئے لکھا کہ ’یہ تو بالکل میرے کام جیسا پوسٹر ہے، اس فلم کے پوسٹر کے لیے میرے کام کی نقل کی گئی، کیا کوئی مجھے سمجھائے گا یہ کیا معاملہ ہے؟ یہ بالکل ٹھیک نہیں۔‘

فلورا نے اس فلم  میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار راج کمار راؤ کی ایک ٹویٹ کو بھی ری ٹویٹ کرتے ہو ئے دوبارہ  یہی لکھا کہ یہ پوسٹر بھی مجھے کسی  کی یاد دلاتا ہے۔

آرٹسٹ فلورا نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے لوگوں کی سپورٹ کا شکریہ بھی ادا کیا جہاں بیشتر لوگوں نے ان کا ساتھ دیا وہیں اکثر نے بالی وڈ کی ماضی کی فلموں کو سخت تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔
پاکستانی اداکار احسن خان نے لکھا کہ ’ یہ کبھی مت بھولیں کہ بالی وڈ کے پاس کچھ بھی اپنا ذاتی نہیں۔‘

ٹوئٹر صارف جینی ہال نے کہا کہ یہ بالکل بھی اچھا نہیں بنا، انہیں چاہیے تھا کہ آپ کو پیسے دے کر اس سے بہتر اور معیاری کام کروا لیتے تو زیادہ اچھا ہوتا۔‘

ایک اور ٹوئٹر صارف نخبہ کا کہنا تھا کہ مجھے سمجھ نہیں آرہا کہ سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ کنگنا رناوت کو کیوں تنقید کا نشانہ بنایا۔

انعم نے لکھا کہ راج کمار راؤ سے زیادہ یہ ذمہ داری ہدایت کار اور پروڈیوسر کی ہوتی ہے کہ انہوں نے کسی کا آرٹ ورک بغیر کریڈٹ دیے نقل کیا اور یہ بالکل بھی اچھا کام نہیں ہے۔

پراکاش کویلامودی اس فلم کے ہدایت کار ہیں جبکہ پروڈکشن ایکتا کپور کی کمپنی بالاجی فلمز کی جانب سے کی گئی ہے۔ تاہم آرٹسٹ کی جانب سے لگائے الزامات پر اب تک ہدایت کار اور ایکتا کپور اور اداکاراؤں کی جانب سے کوئی  بیان جاری نہیں ہوا۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کنگنا رناوت کا اس فلم کی تشہیری مہم کے دوران ایک صحافی سے بھی جھگڑا ہوا تھا جس کے بعد بھارتی میڈیا تنظیم نے کنگنا رناوت اور ان کی فلم ’ججمینٹل ہے کیا‘ کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

شیئر: