Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب سے پاکستان واپسی کے لیے کورونا ٹیسٹ لازمی نہیں

کٹیگری اے میں شامل ممالک کے مسافروں کے لیے کورونا وائرس کا ٹیسٹ ضروری نہیں (فوٹو:اے ایف پی)
 پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بین الاقوامی مسافروں کے لیے نئے ایس او پیز جاری کر دیے ہیں جن پر عملدرآمد کرنا ضروری ہوگا۔
سول ایوی ایشن ڈویژن پاکستان کے مطابق سعودی عرب سے پاکستان آنے والوں کے لیے کورونا ٹیسٹ لازمی نہیں ہے۔ 
سول ایوی ایشن کی جانب سے جمعرات کو جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق وہ تمام مسافر جو بیرون ملک سے پاکستان آنے کے خواہشمند ہیں انہیں سب سے پہلے تو پیسنجز ٹریک ایپ انسٹال کرنا ہوگی جو گوگل پلے سٹور اور ایپل سٹور سے ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔
جو مسافر سمارٹ فون نہیں رکھتے ان کی سہولت کے لیے ویب سائٹ موجود ہے جہاں وہ اپنے ڈیٹا کا اندراج کر سکتے ہیں۔
12 سال سے کم عمر بچے، معذور افراد اور اعلیٰ سطح کے عالمی وفود کو ایپ اور ویب سائٹ پر ڈیٹا فراہم کرنے سے استثنیٰ حاصل ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو دو کٹیگریز میں تقسیم کیا ہے۔
کٹیگری اے میں شامل ممالک کے مسافروں کے لیے کورونا وائرس کا ٹیسٹ ضروری نہیں۔ اس کٹیگری میں سعودی عرب، نیوزی لینڈ، چین، آسٹریلیا، جرمنی، جاپان، اٹلی اور دیگر 31 ممالک شامل ہیں۔
کٹیگری بی میں شامل ممالک کے مسافروں کے لیے کورونا وائرس کا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے، یہ ٹیسٹ پرواز کی روانگی سے پہلے 96 گھنٹوں کے اندر اندر کروانا ہوگا۔ اس کٹیگری میں متحدہ عرب امارات، بحرین، قطر، کویت، ایران، عراق، اومان اور دیگر ممالک شامل ہیں۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: