Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیرملکیوں سے شادی شدہ سعودیوں کو بیرون مملکت سفر کی اجازت

محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ ایوان شاہی نے اس کی منظوری دی ہے ( فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ غیرملکیوں سے شادی شدہ سعودی ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں سے براہ راست سفر کرسکتے ہیں۔
ایوان شاہی نے اس کی منظوری دی ہے، تاہم  سفر کرتے وقت شادی کے ثبوت پیش کرنا ہوں گے۔ 
اخبار 24 کے مطابق محکمہ پاسپورٹ کے مطابق غیرملکیوں سے شادی شدہ سعودی خواتین اپنے غیرملکی شوہروں کے ہمراہ باہر جا سکتی ہیں۔ بیرون مملکت موجود غیرملکی شوہروں سے ملاقات کے لیے سفر کرسکتی ہیں۔ انہیں سفر کرتے وقت نکاح نامے دکھانا ہوں گے۔
محکمہ پاسپورٹ نے بتایا کہ اگر سعودی شہریوں کی غیر ملکی بیگمات ملازمت یا کسی بھی وجہ سے بیرون مملکت مقیم ہوں تو وہ ان سے ملنے کے  لیے سفر کرسکتے ہیں۔ 
 اگر کوئی سعودی شہری مملکت سے باہر موجود غیرملکی بیوی سے متعلق دستاویزات نہ پیش کر پا رہا ہو اور بوجوہ اس کی بیوی مملکت نہ آپارہی ہو تو ایسی صورت میں وہ ابشر پلیٹ فارم کے ذریعے  باہر جانے کا اجازت نامہ حاصل کرنے کی درخواست دے سکتا ہے۔
اسے درخواست کے ساتھ مطلوبہ کاغذات منسلک کرنا ہوں گے۔ ایسا کرنے پر اسے سفر کا اجازت نامہ آسانی سے مل جائے گا۔

شیئر: