Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایئرلائن ’ٹریول پاس‘ ایپ جلد مشرق وسطیٰ میں دستیاب ہوگا

اہم خلیجی ایئرلائنز جلد ایئر ٹریول پاس کا استعمال شروع کر دیں گی (فوٹو: عرب نیوز)
انٹرنیشل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (ایاٹا) نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ’ڈیجیٹل ٹریول پاس‘ چند ہفتوں میں مشرق وسطی میں دستیاب ہو گا۔
عرب نیوز کے مطابق جمعرات کو ایسوسی ایشن کی جانب سے یہ اعلان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب یورپ اور امریکہ نے سفری پابندیوں میں نرمی کی ہے۔
کورونا وبا کی وجہ سے ایک برس سے زائد عرصہ تک مفلوج رہنے والی ایوی ایشن انڈسٹری کی بحالی کے لیے دنیا بھر کے ممالک کوشاں ہیں کہ بین الاقوامی سیاحت کی بہتری کی خاطر ڈیجیٹل سرٹیفیکیٹس کو فروغ دیا جائے۔
اگرچہ ہوائی سفر سے متعلق ادارے انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (ایاٹا) کے ٹریول پاس نے خلیجی ایئرلائنز میں مقبولیت حاصل کی ہے تاہم ابھی تک عالمی سطح پر ویکیسینیشن کا کوئی ایک سرٹیفیکیٹ تسلیم نہیں کیا گیا ہے۔
ایاٹا کے ڈائریکٹر جنرل ولی والش نے جمعرات کے روز ایک بریفنگ میں بتایا کہ ’ہمیں ایاٹا کے ٹریول پاس پر بہت مثبت فیڈ بیک ملا ہے۔ یہ آئندہ چند ہفتوں کے دوران خلیجی خطے میں متعدد ایئرلائنز میں استعمال ہو رہا ہو گا۔‘
خلیج کی اہم ایئرلائنز ایمریٹس، اتحاد ایئرویز اور قطر ایئرویز ابتدائی ایئرلائنز ہوں گی جو جنوری سے ایپلیکیشن کا استعمال شروع کریں گی، اس کے بعد سنگاپورایئرلائن سمیت دیگر ایئرلائنز بھی اسے استعمال کرنا شروع کریں گی۔
ایاٹا پاس موبائل ایپلیکیشن ہے جو مسافروں کو اپنی ٹیسٹنگ اور ویکسینیشن کے متعلق ثبوت پیش کرنے کے لیے ڈیجیٹل پاسپورٹ کا کام دے گی۔ اس میں موجود ویکسینیشن ہسٹری ایئرلائنز کے ساتھ امیگریشن عملے سے بھی شیئر کی جا سکے گی۔
گزشتہ ماہ یورپی یونین نے کورونا وائرس سے متعلق پاس کے  متعارف کرائے جانے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی تھی کہ اس سے گرمیوں میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔

ایپ کے ذریعے ویکسینیشن ہسٹری ایئرلائنز کے ساتھ امیگریشن عملے سے بھی شیئر کی جا سکے گی (فوٹو: اے ایف پی)

یورپی یونین کے 27 رکن ممالک ’ای یو ڈیجیٹل کووڈ سرٹیفیکیٹ‘ کو یکم جولائی سے متعارف کرانا چاہتے ہیں تاکہ وبائی صورتحال کی وجہ سے لگائی گئی پابندیوں سے پیداشدہ سفری مشکلات کو کم کیا جا سکے۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب کہ سیاحت کے حوالے سے اہم ممالک فرانس، یونان اور سپین نے اپنے ہاں کورونا وائرس سے متعلق پابندیوں میں نرمی کی ہے۔
منگل کے روز امریکہ نے بھی جاپان سمیت متعدد ملکوں کے لیے عائد کردہ سفری پابندیوں میں نرمی کی ہے۔

شیئر: