Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قطر میں خلیجی شہریوں اور غیر ملکیوں کےلیے نئی پابندیاں  

ویکسین نہ لگوانے والوں کو ایک ہفتے کے لیے ہوٹل قرنطینہ کیا جائے گا( فوٹو اے ایف پی)
قطری وزارت صحت نے قطر آنے والے  جی سی سی ممالک کے باشندوں اور مقیم غیرملکیوں سے متعلق نئی شرائط جاری کی ہیں۔
کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے نئی پابندیاں لگائی گئی ہیں۔ 
المرصد ویب سائٹ کے مطابق قطری وزارت صحت نے بیان میں کہا کہ ’ قطر پہنچنے  پر خلیجی شہریوں کا پی سی آر ٹیسٹ ہوگا اور ان سے وائرس سے پاک ہونے کا سرٹیفکیٹ طلب کیا جائے گا۔ سرٹیفکیٹ متعلقہ ملک کے ایسے ہیلتھ سینٹر کا مانا جائے گا جسے اس ملک کی وزارت صحت  نے تسلیم کیا ہے‘۔

قطر پہنچنے  پر خلیجی شہریوں کا پی سی آر ٹیسٹ ہوگا(فوٹو اے ایف پی)

قطری وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’حمد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابوثمرہ سرحدی پر آنے والوں کا چیک پوسٹ پر پی سی آر ٹیسٹ ہوگا۔ اس کی فیس 300 قطری ریال ہوگی‘۔
قطری وزارت صحت نے آنے والے خلیجی شہریوں اور خلیجی ریاستوں میں مقیم غیر ملکیوں کوہدایت کی کہ’ وہ قطری ایئرپورٹ یا بری سرحدی چیک پوسٹ پر پہنچنے پر قطری موبائل نمبر استعمال کریں اور موبائل پر ’احتراز‘ ایپ ڈاؤن لوڈ  کرکے ایکٹیو کرلیں‘۔
 وزارت صحت نے ایسے خلیجی شہریوں اور وہاں سے آنے والے مقیم غیرملکیوں کو  استثنی دیا ہے جو قطری وزارت صحت کی جانب سے منظور شدہ ویکسین لے چکے ہوں۔ دوسری خوراک پر چودہ دن مکمل کرچکے  ہوں اور قطر پہنچنے پر ویکسین کارڈ یا سرٹیفکیٹ پیش کریں۔

ایسے افراد کو استثنی دیا ہے جو منظور شدہ ویکسین لے چکے ہوں۔ (فوٹو اے ایف پی)

 وزارت صحت نے بتایا کہ’ والدین کے ہمراہ قطر آنے والوں کے بچوں کو ایک ہفتے کے لیے ہوٹل قرنطینہ کا پابند بنایا جائے گا جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی ہوگی‘۔
’کورونا وائرس میں مبتلا ہوکرصحت یاب ہونے اور ویکسین کی ایک خوراک لینے والوں کو ہوٹل قرنطینہ سے استثنی دیا جائے گا‘۔
تاہم یہ اس صورت میں ہوگا جب ویکسین کی خوراک پر دو ہفتے ہوچکے ہوں اور وہ ویکسین سرٹیفکیٹ پیش کریں۔ قطر آمد سے 72 گھنٹے قبل لیے گئے نمونے کی پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ دینا ہوگی۔ 

شیئر: