Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصر میں شیر کو کندھے پر بیٹھا کر گھومنے والا شخص گرفتار

اس کی شناخت قاہرہ کے فوٹوگرافر کے طور پر ہوئی ہے(فوٹو ٹوئٹر)
مصر کے حکام نے ایک شخص کو شیر کے ساتھ عین السخنہ کی سڑکوں پر گھومتے ہوئے دیکھے جانے کے بعد شیر کو ضبط کر لیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس شخص نے شیر کو اپنے کندھے پر اٹھایا ہوا تھا جس کے بعد حکام نے اسے دو دیگر افراد سمیت گرفتار کیا ہے۔
اس شخص کی شناخت قاہرہ کے ایک فوٹوگرافر کے طور پر ہوئی ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق اس علاقے میں سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے فوٹو شوٹ میں حصہ لینے کے مقصد سے پانچ ماہ کے شی کے بچے کو غیر قانونی طور پر رکھا گیا تھا۔
اس ویڈیو نے مصر کے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کر دیا۔ سوشل میڈیا صارفین نے یاد دلایا کہ رہائشی مکان میں جنگلی جانور کے لیے حالات نامناسب ہیں۔
خیال رہے کہ مصر میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے۔ ستمبر 2018 میں شمالی قاہرہ میں سکیورٹی افسران نے ایک فارم سے پانچ شیر ضبط کیے تھے۔
فارم رہائشی عمارتوں کے درمیان بنایا گیا تھا۔ سکیورٹی اہلکاروں نے ابوزعبل شہر کےقریب فارم پر چھاپہ مار کر پانچ شیر برآمد کرکے چڑیا گھر کے حوالے کر دیے تھے۔
 پولیس نے کارروائی مقامی باشندوں کی شکایت پر کی تھی۔ فارم کے اطراف آباد لوگوں نے شکوہ کیا تھا کہ شیروں کے دھاڑنے کی آواز سے وہ پریشان ہیں اور خوفزدہ ہو جاتے ہیں جبکہ فارم سے مسلسل بدبو بھی آ رہی ہے۔
مصر میں ایسے جانوروں کے تحفظ کے لیے این جی اوز بھی کام کر رہی ہیں جن کی نسل مٹتی جا رہی ہے۔
این جی اوز سرکاری اداروں کے ساتھ مل جل کر نایاب نسل والے جانوروں او رپرندوں کے تحفظ کی مہم انجام دے رہی ہیں۔
مصری حکام نے حال ہی میں قاہرہ شہر کے ایک تاجر کے گھر پر چھاپہ مار کر ایک سمندری مینڈک ضبط کیا تھا۔ اس کی نسل نایاب ہو گئی ہے۔
یہ مینڈک بحیرہ روم کے سمندر میں پایا جاتا ہے۔ مصری تاجر اسے فروخت کرنے کے لیے سودا کر رہا تھا۔

شیئر: