Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شیر کے ساتھ گھومنے والا شہری گرفتار

شیر کو جانوروں کی دیکھ بھال کے ادارے کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ اے ایف پی فائل فوٹو
جدہ میں پولیس نے عوامی مقامات پر شیر کے ساتھ گھومنے والے سعودی شہری کو گرفتار کر لیا۔
شہری کے خلاف پولیس نے قانون شکنی کے الزام  پر مقدمہ درج کرلیا ہے۔  جدہ شہر کی اہم شاہراہ پر شیر کو دیکھ کر لوگوں میں خوف ہراس پھیل گیا ۔
مقامی میڈیا کے مطابق جدہ پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک شخص شیر کے ساتھ عوامی مقامات پر گھوم رہا ہے جس سے لوگوں میں خوف ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ 

شہر کی اہم شاہراہ پر شیر کو دیکھ کر لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ فوٹو اے ایف پی

پولیس کو دیکھ کر سعودی شہری نے اپنے پالتو شیر کو گاڑی میں سوار کرایا اور فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔
شیر کو بلدیہ کے حیوانات کی دیکھ بھال کے لیے مخصوص ادارے کے اہلکاروں کے سپرد کر دیا گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق خوف ناک درندوں کو خواہ وہ پالتو ہی کیوں نہ ہوں اس طرح عوامی مقامات پر لے جانا خلاف قانون ہے۔ ایسا کرنے والوں کے لیے سزا مقرر ہے۔
دوسری جانب تحفظ حیوانات کمیٹی کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق درندوں کی پروش، ان کی تجارت اور انہیں سرعام لے کر گھومنے پر پابندی ہے ۔ ایسا کرنے والوں پر قانون کی شق نمبر 3 برائے تحفظ حیوانات کا اطلاق ہوتا ہے۔
کمیٹی کے مطابق کوئی بھی شہری یا غیر ملکی اگر کسی ایسے واقعے سے آگاہ ہے تو اسے چاہئے کہ وہ فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اس کے بارے میں اطلاع فراہم کرے تاکہ خلاف ورزی کرنے والوں کو قانون کی گرفت میں لایا جاسکے۔ 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: