Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ محمود کا سعودی ہم منصب کو فون، افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال

ٹیلیفونک رابطے میں افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ فائل فوٹو اے ایف پی
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات، افغانستان کی موجودہ صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
پیر کو پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستانی قیادت کی جانب سے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
شاہ محمود قریشی نے افغانستان کی موجودہ صورتحال پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے مستقل مندوبین کا ہنگامی اجلاس بلانے پر سعودی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ 
وزیر خارجہ نے کہا کہ پُر امن افغانستان، نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
’ہمیں توقع ہے کہ افغان قائدین، افغانستان میں دیرپا قیام امن کے لیے، اجتماعیت پر مبنی سیاسی تصفیے کی جانب آگے بڑھیں گے۔‘ 
وزیر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان کی تعمیر نو اور افغانوں کی معاشی معاونت کے لیے عملی اقدامات اٹھائے۔
شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب کو کابل سے مختلف ممالک کے سفارتی عملے، بین الاقوامی اداروں کے ورکرز اور میڈیا نمائندگان کے انخلاء میں پاکستان کی جانب سے فراہم کی جانے والی معاونت سے آگاہ کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کی موجودہ نوعیت پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے انہیں مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا، جبکہ باہمی دلچسپی کے امور پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ بھی کیا۔

شیئر: