Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیر اعظم کا دورہ اہم ہے، سعودی امن کوششوں کو سپورٹ کرتے ہیں: بلال اکبر

پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی تعلقات ہیں۔ (فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں پاکستان کے نئے سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) بلال اکبر نے کہا ہے کہ ’وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب انتہائی اہم وقت پر ہو رہا ہے‘۔
’یہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے ہے۔ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان  تعلقات میں اور وسعت لائے گا۔ ہماری دوستی اور بھائی چارے کو مزید گہرا کرے گا‘۔ 
بطور سفیر عہدہ سنبھالنے کے بعد اردونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بلال اکبر کا کہنا تھا کہ’ دونوں ملک اس وزٹ کو بڑی خوشی سے انگیج کر رہے ہیں۔ امید ہے دورے کے حوالے سے دونوں ممالک حتمی اعلامیہ جاری کریں گے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ یہ کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی تعلقات ہیں۔ اس حوالے سے دونوں ملکوں کے رہنما ایک دوسرے کے دورے کرتے ہیں اور یہ دورہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے‘۔
ایک سوال کے جواب میں سفیر پاکستان نے خطے میں امن اور خوشحالی کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کو ’سعودی پیس سپرنگ‘ کا نام دیا۔
سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ’ یہ انتہائی اہم وقت ہے جس میں سعودی عرب علاقے میں اہم انیشیٹو لے رہا ہے۔ وہ اپنے ہمسایوں اور ارد گرد کے خطے میں دوستی اور امن کے لیے کوششیں کر رہا ہے‘۔

وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان  تعلقات میں اور وسعت لائے گا۔( فوٹو ٹوئٹر)

انہوں نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مثلا سعودی عرب نے عراق کے وزیراعظم کو دعوت دی، ان کا بڑا اچھا دورہ ہوا ہے پھر حوثیوں کو سیز فائر کی پیشکش کی گئی ہے۔ قطر کے امیر کو انہوں نے دعوت دی ہے۔ ایران کے حوالے سے بھی ولی عہد نے بات کی ہے۔ اسے میں’ سعودی پیس سپرنگ‘ کہتا ہوں۔
سفیر پاکستان نے خیال ظاہر کیا کہ ’سعودی عرب خطے میں امن کی جو کوششیں کر رہا ہے یہ ’پیس سپرنگ‘ پھلے پھولے گی۔ پاکستان اور یہاں مقیم کمیونٹی بھی اس کے فوائد  لے گی۔ خطے کے امن اور خوشحالی میں ہم کردار ادا کرتے رہیں گے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’سعودی امن کوششوں کو سپورٹ کرتے ہیں۔ ہم اس پورے خطے کو امن اور خوشحالی کی طرف بڑھتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس میں پاکستانی کمیونٹی اور پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ اپنا کردار ادا کرتا رہے گا‘۔
 

شیئر: