Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور سعودی عرب کے سربراہان مملکت کے اہم دورے

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے دوران گوادر میں آئل ریفائنری کے قیام کا اعلان کیا گیا (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم عمران خان جمعے کی رات کو تین روزہ دورے  پر سعودی عرب پہنچے جہاں انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہائیوں پر محیط بردرانہ تعلقات قیام پاکستان سے قبل کے ہیں۔
1940 میں ولی عہد شہزادہ سعود بن عبد العزیز کراچی کے دورے پر آئے جہاں آل انڈیا مسلم لیگ کی قیادت نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
اسی دورے نے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں اور سعودی عرب کے درمیان گہرے اور مضبوط رشتے کی بنیاد رکھی۔
جدہ میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل میں تعینات رہنے والے ارشد منیر کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان گہرے تعلق کی داغ بیل اس وقت پڑی جب 1946 میں قائداعظم محمد علی جناح نے تحریک پاکستان کا ایک وفد اقوام متحدہ بھیجا جہاں سعودی عرب کے وفد کے سربراہ شہزادہ فیصل بن عبدالعزیز نے تحریک پاکستان کے وفد کو نہ صرف اقوام متحدہ میں متعارف کروایا بلکہ اقوام متحدہ میں مسلمانوں کی علیحدہ ملک کی تحریک اور قربانیوں کو اجاگر کیا۔
قیام پاکستان کے بعد سعودی عرب پہلا ملک تھا جس نے پاکستان کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا اور 1951 میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات کی یاداشت پر دستخط کیے گئے۔
جدہ میں قونصل جنرل تعینات رہنے والے سابق پاکستانی سفیر عارف کمال نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات ہر ادوار میں مضبوط اور مستحکم رہے ہیں۔
’پاکستان میں سیاسی حکومتیں تبدیل ہوتی رہی ہیں لیکن دونوں ممالک کے درمیان تعلق ہمیشہ مضبوط رہا اور سیاسی نظریے سے قطع نظر سعودی عرب کے ساتھ تعلقات ہمیشہ خوشگوار رہے ہیں۔‘
پریس قونصلر ارشد منیر عرب نیوز میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں لکھتے ہیں پاکستان میں اہم مقامات اور شاہراہوں کو سعودی سربراہان مملکت سے منسوب کیا گیا جو کہ دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کی ایک زندہ مثال ہے۔

وزیراعظم عمران خان جمعے کی رات کو تین روزہ دورے  پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)

’کراچی کی پہلی ہاؤسنگ سوسائٹی سعود آباد ، شاہراہ فیصل، اسلام آباد کی تاریخی مسجد فیصل مسجد ہو یا لائل پور کا نیا نام فیصل آباد،  سعودی عرب کے ساتھ مضبوط تعلقات کی اہمیت کے طور پریہ نام سعودی فرمانروا شاہ فیصل کے نام سے منسوب کیے۔‘

پاکستانی سربراہان مملک کے سعودی عرب کے اہم دورے

1960 میں صدر پاکستان ایوب خان تین روزہ دورے پر سعودی عرب گئے جہاں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور تجارتی معاہدوں پر دستخط ہوئے۔  اس دورے کے چند سال بعد دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ دفاعی تعاون کی یاداشت پر دستخط ہوئے جس کے تحت پاکستان کو سعودی عرب نے مختلف مواقع پر معاشی تعاون فراہم کیا۔
ارشد منیر کے مطابق ذوالفقار علی بھٹو اقتدار میں آئے تو پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید وسعت ملی اور بردرانہ تعلقات کو آگے بڑھاتے ہوئے سعودی فرمانرواں شاہ فیصل اور ذوالفقار علی بھٹو نے اسلامی تعاون تنظیم کو متحرک کرکے المی سطح پر ایک نئے افق پر لے گئے۔
سابق سفیر عارف کمال کہتے ہیں بطور سفیر متعدد ممالک میں کام کرنے کا موقع ملا لیکن سعودی عرب ہمیشہ پاکستانیوں کے لیے دوسرے گھر کی حیثیت رکھتا ہے۔
’بطور سفیر جاپان، کینیڈا، عراق سمیت متعدد ممالک میں فرائض سر انجام دیا، ہر ملک میں مختلف چیلنجز ہوتے ہیں لیکن سعودی عرب میں ہمیشہ پاکستانیوں کو خاص اہمیت دی جاتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ میں سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر تصور کرتا ہوں۔‘
عارف کمال کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات رہے ہیں اور متعدد مواقع پر سعودی عرب نے نہ صرف پاکستان کی طرف معاشی تعاون کا ہاتھ بڑھایا بلکہ اخلاقی حمایت بھی ہمیشہ پاکستان کے ساتھ رہی۔

پاکستان کو 2013 اور 2018 میں معاشی بحران کا سامنا رہا تو سعودی قیادت نے پاکستان کو غیر مشروط تعاون فراہم کیا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

عارف کمال کا کہنا تھا کہ 90 کی دہائی میں سعودی عرب نے تاخیر سے ادائیگی پر پاکستان کو تیل فراہم کیا جس سے پاکستان کو اس وقت معاشی مشکلات سے نکلنے میں آسانی ہوئی۔
سابق پرس قونصلر ارشد منیر ایسی ہی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے مضمون میں لکھتے ہیں، ’1998 میں پاکستان کو ممکنہ طور پر معاشی بحران کا سامنا تھا۔ اس وقت سعودی عرب نے پاکستان کو یومیہ 50 ہزار بیرل تیل فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی، جس سے پاکستان کو مالی بحران سے نکلنے میں مدد ملی۔‘ 
پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات سیاسی نہیں بلکہ عوامی سطح پر بھی قائم ہیں۔ پاکستان میں 2005 میں ہولناک زلزلہ آیا تو سعودی حکومت نے پاکستان کو سب سے زیادہ امداد فراہم کی، جبکہ 2006 میں پاکستان نے شاہ عبد اللہ کو اعلی سویلین ایوارڈ نشان پاکستان سے نوازا ۔
سعودی عرب پاکستان کے لیے تیل فراہم کرنے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے اور پاکستان کو 2013 اور 2018 میں معاشی بحران کا سامنا رہا تو سعودی قیادت نے پاکستان کو غیر مشروط تعاون فراہم کیا۔
سنہ 2019  میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے دوران گوادر میں آئل ریفائنری کے قیام کا اعلان کیا گیا اور وزیراعظم عمران خان کو تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ’مجھے سعودی عرب میں پاکستان کا  سفیر سمجھیں۔‘

شیئر: