Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: کورونا سے ہر ہلاکت پر 50 ہزار روپے معاوضہ دینے کا حکم

انڈیا میں کووڈ کی وجہ سے مجموعی طور پر 44 لاکھ 92 ہزار 60 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔ (فوٹو: روئٹرز)
انڈیا کی سپریم کورٹ نے ریاستی حکام کو حکم دیا کہ وہ کووڈ 19 کی وجہ سے ہونے والی ہر موت کے معاوضے کے طور پر 672 ڈالرز (50 ہزار انڈین روپے) ادا کریں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے یہ حکم منگل کو دیا گیا ہے۔
انڈیا میں کووڈ کی وجہ سے مجموعی طور پر 44 لاکھ 92 ہزار 60 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بہت کم تعداد ہے کیونکہ دور دراز تک پھیلے ہوئے علاقوں میں لاکھوں افراد ہلاک ہو سکتے ہیں جو رپورٹ نہیں ہو سکے۔
ماہرین نے کہا کہ انڈین دارالحکومت نئی دہلی سمیت بڑے شہروں میں بڑی تعداد میں اموات کی اطلاع نہیں دی گئی کیونکہ ہسپتالوں میں بستر اور آکسیجن کی فراہمی ختم ہو گئی تھی۔
درخواست گزاروں نے سپریم کورٹ سے اپیل کی تھی کہ وہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (جس کے ذریعے حکومت قدرتی آفات میں کچھ مالی مدد فراہم کرتی ہے) کو حکم دے کہ وہ کم از کم آٹھ گنا معاوضہ یا پھر چار لاکھ روپے فراہم کرے۔
حکومت اپنے حلف نامے میں جسے سپریم نے منظور کیا تھا، کم از کم قابل ادائیگی رقم مقامی حکام کے تحت سٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فنڈ کے ذریعے تقسیم کرنے پر راضی ہو گئی ہے۔
سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کہا کہ ’تمام متعلقہ اتھارٹیز ’ہیلپنگ ہینڈ‘ کے طور پر کام کریں گی تاکہ ان لوگوں کے آنسو پونچھ سکے جو کووڈ 19 کی وجہ سے خاندان کے کسی فرد کے نقصان کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔‘
ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ کتنے ممالک نے کووڈ 19 سے ہونے والی اموات کے لیے اس طرح کے معاوضے کی پیشکش کی ہے۔

انڈین دارالحکومت نئی دہلی سمیت بڑے شہروں میں بڑی تعداد میں اموات کی اطلاع نہیں دی گئی.(فوٹو: اے ایف پی)

اُدھر تھائی لینڈ میں ایک شخص نے حکومت کی کووڈ 19 ٹاسک فورس اور وزیراعظم اور دو دیگر سرکاری عہدیداروں کے خلاف مقدمہ دائر کیا اور ڈیوٹی میں غفلت برتنے پر ایک لاکھ 34 ہزار ڈالرز کا معاوضہ طلب کیا، جس کی وجہ سے اس کے بھائی کی موت واقع ہو گئی تھی۔
انڈیا کی سپریم کورٹ نے ریاستی انتظامی اداروں کو حکم دیا کہ وہ بیوروکریسی کے ماضی کے طریقہ کار کے برعکس تمام درخواستیں جمع کرانے کے 30 دن کے اندر حل کریں۔
انڈیا کی وزارت صحت نے مختص رقم کے تعین پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
خیال رہے کہ انڈیا میں مجموعی طور پر 33.85 ملین کووڈ انفیکشن کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو امریکہ کے بعد عالمی سطح پر دوسرے نمبر پر ہے۔

شیئر: