Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: پرینکا گاندھی کی پولیس حراست میں کمرے میں جھاڑو سے صفائی

انڈیا میں کسان نئے زرعی قوانین کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں کانگرس کی رہنما پرینکا گاندھی کی دوران حراست ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ ایک کمرے میں جھاڑو لگا رہی ہیں۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق پرینکا گاندھی کو پیر کی رات اترپردیش کے ضلع لکھیم پور کھیری میں اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ کسانوں کے خاندانوں سے ملنے کے لیے جا رہی تھیں۔
اتوار کو یونین منسٹر اجے مشرا کے بیٹے نے مبینہ طور پر مظاہرہ کرنے والے کسانوں پر گاڑی چڑھائی جس میں چار کسانوں سمیت آٹھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پرینکا گاندھی پرووینشل آرمز کانسٹیبلری کے گیسٹ ہاؤس کے ایک کمرے میں جھاڑو لگا رہی ہیں۔
ان کی ٹیم کے ایک رکن نے بتایا کہ ’جس کمرے میں ان کو رکھا گیا ہے، وہ گندا تھا، انہوں نے خود کمرے کو صاف کیا۔‘
کانگرس کے ورکرز نے سینٹر کے باہر ان کی حراست کے خلاف احتجاج کیا۔
کانگرس نے پولیس پر پرینکا گاندھی اور دیپندر ہودا کے خلاف طاقت کے استعمال کا الزام لگایا ہے۔
گذشتہ رات سیتا پور جاتے پوئے پرینکا گاندھی نے پولیس سے وارنٹ دکھانے کا مطالبہ کیا تھا۔

کانگرس کے کارکنوں نے پرینکا گاندھی کی حراست کے خلاف احتجاج کیا۔ فوٹو: سکرین گریب

ایک ویڈیو میں پرینکا گاندھی پولیس سے کہہ رہی ہیں کہ ’وانٹ نکالو، آرڈر نکالو، نہیں تو میں یہاں سے نہیں ہل رہی۔ اور اگر آپ مجھے گاڑی میں ڈالیں گے تو میں آپ پر اغوا کا الزام عائد کروں گی۔ اور یہ الزام پولیس کے خلاف نہیں ہوگا لیکن یہ آپ کے خلاف ہو گا۔‘
اتوار کو یونین منسٹر اجے کمار مشرا اور ڈپٹی چیف منسٹر کیشف پرساد مورایا کے دورے خلاف احتجاج میں چار کسانوں سمیت آٹھ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
احتجاج کرنے والے کسانوں کا کہنا ہے کہ لکھیم پور کھیری ضلعے میں تشدد کا آغاز اس وقت ہوا جب وزیر کے بیٹے نے مظاہرین پر گاڑی چڑھائی۔

شیئر: