Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ پاکستان کو فائزر ویکسین کی 24 لاکھ خوراکیں بھیجے گا

جون کے بعد سے پاکستان کو ہر ماہ امریکہ کی جانب سے موڈرنا اور فائزر بائیو ٹیک ویکسین کی ترسیل ہوئی ہے۔(فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ پاکستان کو کورونا ویکسین کی 24 لاکھ خوراکیں بھیجے گا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جمعرات کو وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ویکسین کی نئی کھیپ بھیجنے کے بعد پاکستان کو دی جانے والی خوراکوں کی کل تعداد تقریباً ایک کروڑ 83 لاکھ تک پہنچ جائے گی جو کہ کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ ہے۔
فائزر اور جرمنی کے بائیو ٹیک کی طرف سے بنائی گئی ویکسین کی تازہ ترین ترسیل ہفتے کو کوویکس تقسیم پروگرام کے ذریعے پہنچنے والی ہے۔
روئٹرز کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان نے اپنے شہریوں کو اب تک کم از کم نو کروڑ 36 لاکھ خوراکیں دی ہیں۔ اگر یہ فرض کیا جائے کہ ہر شخص کو دو خوراکوں کی ضرورت ہے تو ویکیسن کی یہ مقدار ملک کی 21.6 فیصد آبادی کے لیے کافی ہے۔
جون کے بعد سے پاکستان کو ہر ماہ امریکہ کی جانب سے موڈرنا اور فائزر بائیو ٹیک ویکسین کی ترسیل ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ یہ کھیپ امریکی ویکسین ڈپلومیسی کی جاری کوششوں کا حصہ ہے جس کے تحت درجنوں ممالک کو ویکسین بھیجی گئی ہے۔

شیئر: