Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مائیکرو سافٹ ’کینڈی کرش‘ اور ’کال آف ڈیوٹی‘ کی کمپنی خریدے گی

ایکٹیویژن بلیزرڈ کو ملازمین کے ساتھ بدسلوکی کے الزامات کا سامنا ہے۔ فوٹو اے ایف پی
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ نے گیمنگ کمپنی ’ایکٹیویژن بلیزرڈ‘ کو 68.7 ارب ڈالر میں خریدنے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد ’کال آف ڈیوٹی‘ اور ’کینڈی کرش‘ جیسی بلاک بسٹر گیمز تک رسائی ممکن ہو گی۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق نقد ادائیگی میں ہونے والی اس ڈیل کے ذریعے مائیکرو سافٹ کو موبائل گیمنگ میں تیزی سے پیش رفت اور میٹا ورس یعنی ورچوئل ماحول کی تیاری کے لیے بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
ایکس باکس گیمنگ سسٹم بنانے والی کمپنی مائیکرو سافٹ نے ایکٹیویژن کو خریدنے کا اعلان منگل کو کیا تھا۔
 دوسری جانب گیمنگ کمپنی کو ملازمین کے ساتھ بدسلوکی اور غیر مساوی تنخواہ کے الزامات کا سامنا ہے۔
مائیکرو سافٹ کے سربراہ ستیا نڈیلا نے سرمایہ کاروں کے ساتھ کانفرنس کال میں کہا کہ آرگنائزیشن کا کلچر ان کی اولین ترجیح ہے اور ایکٹیویژن بلیزرڈ کے لیے بھی اہم ہے کہ وہ اپنے وعدوں کو پورا کرتے ہوئے کمپنی کے کلچر کو بہتر کریں۔
گیمنگ کمپنی ایکٹیویژن نے گزشتہ سال انکشاف کیا تھا کہ امتیازی سلوک کی شکایات پر سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کمپنی کے خلاف تحقیقات کر رہا ہے۔
ایکٹیویژن بلیزرڈ کے سربراہ بوبی کوٹک اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے اور اپنی ٹیم کے ہمراہ کمپنی کے کلچر کو مضبوط کرنے اور کاروباری ترقی میں تیزی لانے پر توجہ مرکوز کریں گے۔
اس سے قبل گزشتہ سال مائیکرو سافٹ نے 7.5 ارب ڈالر میں زینی میکس میڈیا نامی کمپنی خریدی تھی جو ایلڈر سکرولز، ڈوم اور فال آؤٹ جیسی مقبول ویڈیو گیمز بنا چکی ہے۔
مائیکرو سافٹ کا کہنا ہے کہ دونوں گیمنگ کمپنیوں کے ساتھ ہونے والی ڈیل سے ایکس باکس گیم پاس کی سبسکرپشن سروس میں بہتری آئے گی۔ ایکس باکس کے گیم پاس کی سبسکرپشن حاصل کرنے سے لامحدود ویڈیو گیمز تک رسائی ملتی ہے۔

شیئر: