Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بچوں کو ڈیجیٹل دنیا سے دور رکھنے کی بجائے اِس میں محفوظ رہنا کیسے سکھایا جائے؟

بچوں کے لیے ’یوٹیوب کڈز‘کے نام سے ایک الگ ایپلی کیشن بھی موجود ہے، جو اشتہارات سے پاک ہے (فوٹو: گیٹی)
ہم بچوں کی آن لائن حفاظت کو اہمیت دیتے ہیں کیوں کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے اور ایسا کرنا درست بھی ہے۔ ہم میں سے بہت سے لوگ جدید دور میں بچوں کی پرورش کے دوران پیش آنے والی افراتفری، روزمرہ کے بدلتے حالات اور ہر لمحہ نئی چیزیں سیکھنے کے منفرد تجربے کو سمجھتے ہیں اور خود بھی اِس سے گزر چکے ہیں۔
آج کے دور میں بچوں کی پرورش بسا اوقات ایسی محسوس ہوتی ہے جیسے عید کی صبح آپ 50 افراد پر مشتمل خاندانی واٹس ایپ گروپ میں پھنس گئے ہوں۔ آپ نوٹیفیکیشن بند کر سکتے ہیں، فون کمرے کے ایک کونے میں پھینک سکتے ہیں اور پانچ منٹ سکون سے گزارنے کی کوشش کر سکتے ہیں، لیکن جیسے ہی اگلے کمرے میں جاتے ہیں تو پتا چلتا ہے کہ میمز، وائس نوٹس اور سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز کی بھرمار کسی نہ کسی طرح آپ کے بچے کے ٹیبلٹ تک بھی پہنچ چکی ہے کیوں کہ اُس کے کزن نے وہ سب کچھ وہاں شیئر کر دیا ہے۔
ایسے لمحے میں احساس ہوتا ہے کہ بچوں کو سکرینوں سے مکمل طور پر دور رکھنے کی بجائے شاید ہمیں انہیں ڈیجیٹل دنیا کے استعمال کا طریقہ بھی اُسی طرح سکھانا چاہیے جیسے ہم اِنہیں سائیکل چلانا سکھاتے ہیں۔
کوئی بھی چھ سال کے بچے کو سائیکل پر بٹھا کر اِسے سائیکل اکیلے چلانے کے لیے نہیں چھوڑ دیتا۔ ابتدا میں اسے کسی محفوظ اور خالی سڑک پر لے جایا جاتا ہے، جہاں اُس کے سر پر ہیلمٹ ہوتا ہے، جسم پر حفاظتی سامان ہوتا ہے اور سائیکل کے ساتھ تربیتی پہیے مضبوطی سے لگے ہوتے ہیں۔ والدین اُس کے ساتھ ساتھ چلتے ہیں، اُن کے ہاتھ سائیکل کے ہینڈل کے قریب ہوتے ہیں تاکہ بچہ لڑکھڑائے تو اُسے سنبھال سکیں۔
بچہ جب توازن برقرار رکھنا سیکھ جاتا ہے تو تربیتی پہیے ہٹا دیے جاتے ہیں لیکن ہیلمٹ بدستور اُس کے سر پر رہتا ہے۔ والدین یہ حد بھی مقرر کرتے ہیں کہ وہ سڑک پر کتنی دور تک جا سکتا ہے اور اِسے ہر بار یاد دلاتے ہیں کہ سڑک پار کرنے سے پہلے دونوں طرف ضرور دیکھے۔
اِس دوران گرنا، چوٹیں لگنا اور تیز رفتاری کے نقصانات پر مشکل گفتگو ہونا فطری بات ہے کیوں کہ یہ سب سیکھنے کے عمل کا حصہ ہے۔ لیکن جب کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آتا ہے تو ہم سائیکل کو گیراج میں بند نہیں کر دیتے بلکہ بچے کو حفاظتی اصول یاد دلاتے ہیں، اُسے ہیلمٹ پہناتے ہیں، اُس کے ساتھ چلتے ہیں اور محفوظ انداز میں سائیکل چلانا سکھاتے ہیں۔

ہماری ذمہ داری بچوں کو ڈیجیٹل دنیا سے الگ تھلگ کرنا نہیں بلکہ اِس دنیا میں اُن کے ساتھ رہتے ہوئے اُن کی رہنمائی کرنا ہے (فوٹو: گیٹی)

ڈیجیٹل دنیا کے معاملے میں بھی یہی اصول اپنایا جا سکتا ہے۔ دنیا بھر میں معاشرے اور پالیسی ساز اِس بات کا ازسرنو جائزہ لے رہے ہیں کہ بچوں کو انٹرنیٹ کے وسیع مواقع سے فائدہ اُٹھانے کا موقع دیتے ہوئے اُن کے بچپن اور تحفظ کو کس طرح یقینی بنایا جائے۔
یہ ایک ایسا چیلنج ہے جس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی کیوں کہ یہ پہلی نسل ہے جو ویڈیو پلیٹ فارمز اور انٹرنیٹ سے منسلک ٹیکنالوجی کے ماحول میں پروان چڑھ رہی ہے۔ یہ ٹیکنالوجی اُن کے سیکھنے، سماجی میل جول، کھیلنے اور مستقبل کی تیاری کے طریقوں کا بنیادی حصہ بن چکی ہے۔
ہماری ذمہ داری بچوں کو ڈیجیٹل دنیا سے الگ تھلگ کرنا نہیں بلکہ اِس دنیا میں اُن کے ساتھ رہتے ہوئے اُن کی رہنمائی کرنا ہے تاکہ وہ بہتر فیصلے کر سکیں اور خود کو محفوظ رکھ سکیں۔ دوسرے لفظوں میں، ہمیں بچوں کو ڈیجیٹل دنیا میں محفوظ بنانا ہے نہ کہ محفوظ رکھنے کے نام پر اُس دنیا سے دور کرنا ہے۔
تاہم اس کا مطلب یہ بھی نہیں کہ بچوں کی آن لائن حفاظت کی پوری ذمہ داری صرف والدین اور معاشرے پر عائد ہوتی ہے۔ انٹرنیٹ پر تحفظ ایک مشترکہ ذمہ داری ہونی چاہیے۔ ٹیکنالوجی پلیٹ فارمز کو بنیادی ذمہ داری اٹھاتے ہوئے اپنے نظام میں ابتدا ہی سے حفاظتی اقدامات شامل کرنے چاہییں اور والدین کو ایسے اختیارات فراہم کرنے چاہییں جو بدلتے حالات کے مطابق مؤثر ہوں اور عملی زندگی میں بھی کارآمد ثابت ہوں۔
پلیٹ فارمز کے اندر جب موجود حفاظتی اقدامات، دانش مندانہ قوانین اور گھروں میں کُھلی گفتگو کو یکجا کیا جاتا ہے تو ایسا ماحول تشکیل پاتا ہے جہاں بچے صرف محفوظ ہی نہیں رہتے بلکہ اِنہیں خود بھی محفوظ انداز میں ڈیجیٹل دنیا استعمال کرنے کی صلاحیت حاصل ہوتی ہے۔
گوگل بچوں کی حفاظت کیسے یقینی بناتا ہے؟
اسی مقصد کے تحت گوگل بچوں کے ڈیجیٹل سفر کے ہر مرحلے میں حفاظتی اقدامات شامل کرتا ہے۔ گوگل کی ایپلی کیشن ’فیملی لنک‘کے ذریعے والدین اینڈرائیڈ ڈیوائسز اور انفرادی ایپس کے استعمال کے لیے سکرین ٹائم کی حد آسانی سے مقرر کر سکتے ہیں۔

گوگل بچوں کے ڈیجیٹل سفر کے ہر مرحلے میں حفاظتی اقدامات شامل کرتا ہے (فوٹو: ایشیا نیوز)

یوٹیوب بھی بچوں کی نجی زندگی اور ذہنی و جسمانی فلاح کے تحفظ کے لیے کئی اقدامات کرتا ہے۔ اِن میں وقفہ لینے کی یاد دہانی اور 18 سال سے کم عمر صارفین کے اکاؤنٹس میں آٹو پلے (خودکار طور پر اگلی ویڈیو چلنے کا فیچر) کو بطور ڈیفالٹ بند رکھنا شامل ہے۔
کم عمر بچوں کے لیے ’یوٹیوب کڈز‘کے نام سے ایک الگ ایپلی کیشن بھی موجود ہے، جو اشتہارات سے پاک ہے اور جس میں تبصرے کرنے کی سہولت سرے سے موجود ہی نہیں۔ اِس ایپ میں والدین کے لیے یہ اختیارات بھی ہیں کہ وہ سرچ کا فیچر بند کر سکیں اور خود منتخب کر سکیں کہ اُن کے بچے کون سے یوٹیوب چینلز دیکھ سکتے ہیں۔
بچوں کی عمر بڑھنے کے ساتھ یوٹیوب کے ’کڈ اینڈ ٹین‘ اکاؤنٹس اِنہیں اِن کی عمر اور ذہنی نشوونما کے مطابق مواد فراہم کرتے ہیں۔ اِن اکاؤنٹس میں مواد کو بچوں کی نشوونما سے متعلق معیارات کو مدنظر رکھ کر ترتیب دیا گیا ہے۔
اِس نظام میں 9 سے 13 سال کی عمر کے بچوں کے لیے ابتدائی طور پر پی جی طرز کی مواد کی ترتیب رکھی گئی ہے، جس میں تعلیم اور تخلیقی سرگرمیوں پر توجہ دی جاتی ہے۔ اِس کے بعد 13 سے 15 سال کی عمر کے بڑے بچوں کے لیے گیمنگ اور لائیو سٹریمز سمیت مزید مواد تک رسائی بتدریج بڑھائی جاتی ہے، جب کہ نوجوانوں کے لیے مواد کی نسبتاً وسیع اقسام دستیاب ہوتی ہیں۔
اِن اکاؤنٹس میں یوٹیوب والدین کو نگرانی اور کنٹرول کے مزید اختیارات بھی فراہم کرتا ہے۔ اِن میں یوٹیوب کی مختصر ویڈیوز دیکھنے کے وقت کو محدود کرنے یا اِس فیڈ کو مکمل طور پر بند کرنے کا فیچر بھی شامل ہے، جسے کمپنی اپنی نوعیت کا نمایاں ترین اقدام قرار دیتی ہے۔
ایک اور اہم بات یہ سمجھنا ہے کہ بچے اور نوجوان مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو کس طرح استعمال کرتے ہیں۔

یوٹیوب بھی بچوں کی نجی زندگی اور ذہنی و جسمانی فلاح کے تحفظ کے لیے کئی اقدامات کرتا ہے (فوٹو: آر ایس اے)

اِن پلیٹ فارمز کے برعکس جہاں لوگ زیادہ تر بغیر کسی خاص مقصد کے مواد دیکھتے رہتے ہیں، یوٹیوب ایک ایسا ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ہے جسے فعال انداز میں سیکھنے اور معلومات حاصل کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں یوٹیوب کے 95 فیصد ناظرین اِس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ یہ پلیٹ فارم اعلیٰ معیار کا تعلیمی مواد فراہم کرتا ہے۔ مارکیٹ ریسرچ ادارے ’کانٹر‘ کے مطابق سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں جنریشن زی  سے تعلق رکھنے والے 92 فیصد ناظرین کا کہنا ہے کہ یوٹیوب اِنہیں اُن موضوعات کے بارے میں مزید گہرائی سے جاننے کا موقع دیتا ہے جن میں وہ دلچسپی رکھتے ہیں۔
علاقائی سطح پر احمد الغندور (دحیح) اور عبداللہ عنان (شارع العلوم/سائنس سٹریٹ) جیسے تعلیمی و تفریحی مواد تخلیق کرنے والے افراد نوجوانوں کو تاریخ اور سائنس سے روشناس کراتے ہیں جب کہ ثقافت اور سیاحت پر مواد بنانے والے عمر فاروق دنیا کی مختلف ثقافتوں سے متعلق معلومات فراہم کرتے ہیں۔
اِس میں کوئی شک نہیں کہ ہمیں اِس بات کو یقینی بنانے کے لیے آن لائن مواد کے حوالے سے مزید سخت اور بہتر معیارات تشکیل دینے کی ضرورت ہے کہ بچے انٹرنیٹ پر کیا دیکھتے اور استعمال کرتے ہیں۔ تاہم اِس مقصد کے لیے اختیار کیا جانے والا طریقہ سائنسی تحقیق اور حقیقی زندگی کے تجربات پر مبنی ہونا چاہیے۔

گوگل کی ایپلی کیشن ’فیملی لِنک‘ کے ذریعے والدین سکرین ٹائم کی حد آسانی سے مقرر کر سکتے ہیں (فوٹو: میش ٹِپس)

ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اپنے نظام کی بنیاد میں ہی جب حفاظتی اقدامات شامل کریں، پالیسی ساز مناسب قوانین اور اصول وضع کریں اور والدین کو بچوں کی رہنمائی کے لیے عملی اور مؤثر ذرائع فراہم کیے جائیں تو بچے نہ صرف محفوظ رہتے ہیں بلکہ اُن میں خود اعتمادی، مشکلات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت اور درست فیصلے کرنے کی سمجھ بوجھ بھی پیدا ہوتی ہے۔
اِس طرح ہمارے بچے صرف ڈیجیٹل دنیا میں محفوظ نہیں رہتے بلکہ اُن میں اِس قدر صلاحیت پیدا ہو جاتی ہے کہ وہ مستقبل میں خود بھی اِس دنیا میں اعتماد اور ذمہ داری کے ساتھ آگے بڑھ سکیں۔

مصنفہ گوگل میں شمالی افریقہ اور سعودی عرب کے لیے حکومتی امور اور عوامی پالیسی کی سربراہ ہیں۔

شیئر: