Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایپل 3 ٹریلین ڈالر مارکیٹ ویلیو تک پہنچنے والی پہلی کمپنی

سرمایہ کاروں نے شرط لگا رکھی ہے کہ صارفین آئی فونز، میک بکس اور ایپل ٹی وی اور ایپل میوزک جیسی سروسز کے لیے سب سے زیادہ ڈالر خرچ کرتے رہیں گے۔ (فوٹو: ایپل انسائڈر)
امریکی کمپنی ایپل پیر کو تین ٹریلین ڈالر سٹاک مارکیٹ ویلیو تک پہنچنے والی دنیا کی پہلی کمپنی بن گئی لیکن دن کے اختتام تک اس میں بال برابر کمی آ گئی۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سرمایہ کار شرط لگا رہے ہیں کہ آئی فون بنانے والی کمپنی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی مصنوعات کو لانچ کرتی رہے گی کیونکہ وہ خودکار کاروں اور ورچوئل رئیلٹی جیسی نئی منڈیوں کی تلاش کرتی ہے۔
2022 میں ٹریڈنگ کے پہلے دن سیلیکون ویلی کمپنی کے حصص 182.88 ڈالر کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئے، جس سے ایپل کی مارکیٹ ویلیو تین ٹریلین ڈالر سے کچھ زیادہ ہوگئی۔
لیکن سٹاک نے سیشن کا اختتام دو اعشاریہ پانچ کے اضافے کے ساتھ 182.01 ڈالر پر کیا جس سے ایپل کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 2.99 ٹریلین ڈالر ہوگئی۔
دنیا کی سب سے قیمتی کمپنی اس سنگ میل پر پہنچ گئی کیونکہ سرمایہ کاروں نے شرط لگا رکھی ہے کہ صارفین آئی فونز، میک بکس اور ایپل ٹی وی اور ایپل میوزک جیسی سروسز کے لیے سب سے زیادہ ڈالر خرچ کرتے رہیں گے۔
اس حوالے سے اوکلاہوما میں لانگ بو ایسٹ مینجمنٹ کے چیف ایگزیگٹو کا کہنا تھا کہ ’یہ ایک لاجواب کارنامہ ہے اور یقیناً خوشی منانے کے لائق ہے۔‘

’ یہ آپ کو دکھاتا ہے کہ ایپل کس حد تک آگے آ چکا ہے اور سرمایہ کاروں کی اکثریت کی نظر میں کتنا برتر نظر آتا ہے۔‘
فنانشل مارکیٹ ڈیٹا فراہم کرنے والی کمپنی ریفنیٹو کے مطابق ایپل نے مائیکروسافٹ کارپوریشن کے ساتھ دو ٹریلین ڈالر مارکیٹ ویلیو کلب کا اشتراک کیا، جس کی مالیت اب تقریباً 2.5 ٹریلین ڈالر ہے۔
گوگل، ایمازون اور ٹیسلا کی مارکیٹ ویلیو ایک ٹریلین ڈالر سے زائد ہے جبکہ سعودی عربین آئل کمپنی کی مالیت تقریباً 1.9 ٹریلین ڈالر ہے۔

شیئر: