Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

34 ارب روپے مالیت کا ممنوعہ کیمیائی مواد کیٹا مائن دبئی سمگل کرنے کی کوشش ناکام

اے این ایف حکام کے مطابق مذکورہ کیمیائی مواد کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت 34 ارب روپے سے زائد ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
اینٹی نارکوٹکس فورس  (اے این ایف) کراچی نے 34 ارپ روپے مالیت کا کیٹا مائن  دبئی سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
حکام کے مطابق کوکین طرز کا نشہ آور کیمیائی مواد کو عرق گلاب کی بوتلوں میں چھپا کر سمگل کیا جارہا  تھا۔
 اے این ایف حکام کا کہنا ہے کہ کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل پر اے این ایف انٹیلیجنس اور اے این ایف پورٹ کنٹرول یونٹ نے خفیہ اطلاع  پر مشترکہ کارروائی کی۔
کراچی سے دبئی جانے والے  کنٹینر کو تحویل میں لیا گیا اور تلاشی لینے پر 2172 عدد عرق گلاب کی بوتلوں سے کیٹا مائن برآمد ہوئی۔ ان بوتلوں میں ایک ہزار 86 لیٹر کیٹامائن کیمیائی مواد موجود تھی۔ اے این ایف حکام کے مطابق کیٹا مائن کوکین کی طرح کا ایک نشہ ہے،جس کو سونگھ کر استعمال کیا جاتا ہے۔
اس نشہ آور کیمیائی مواد کو دبئی سمگل کیا جانا تھا۔ کیٹامائن کو کاسمیٹکس کے سامان میں چھپایا گیا تھا۔ حکام کے مطابق مذکورہ کنٹینر کراچی کی ایک کمپنی کی جانب سے دبئی کے لیے بک کروایا گیا تھا۔
اے این ایف حکام کے مطابق مذکورہ کیمیائی مواد کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت 34 ارب روپے سے زائد ہے۔
متعلقہ حکام نے بتایا کہ مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار کارروائیاں جاری ہیں۔

شیئر: