Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میرے بیٹوں پر آصف زرداری سے ڈالر مانگنے کے الزامات بے ہودہ ہیں: چودھری شجاعت

چودھری شجاعت حسین نے چودھری وجاہت حسین کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے (فائل فوٹو: حسین الٰہی ٹوئٹر)
پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ’ان کے چھوٹے بھائی چودھری وجاہت حسین نے کہا ہے کہ 30 جون تک اگر مسلم لیگ ن سے ہم نے اتحاد ختم نہ کیا تو وہ نئی جماعت بنا لیں گے۔‘
سنیچر کو جاری کیے گئے ایک بیان میں چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ ’وجاہت حسین نے نئی جماعت بنانی ہے تو بنا لیں۔ پاکستان میں پہلے بھی سینکڑوں پارٹیاں بنی ہوئی ہیں ایک اور بن جائے گی تو کیا فرق پڑے گا۔‘
مسلم لیگ ق کے صدر نے کہا کہ ’میرے چھوٹے بھائی چودھری وجاہت حسین نے ہمارے گھر گجرات میں لوگوں سے ہمارے اوپر الزامات لگائے ہیں۔‘
 ’انہوں نے قومی سطح کے ایک بڑے لیڈر آصف علی زرداری سے متعلق بھی الزام تراشی کی ہے اور میرے بیٹوں پر ان سے ڈالر مانگنے کا الزام لگایا ہے۔ میرے بیٹوں پر آصف علی زرداری سے ڈالر مانگنے کی یہ باتیں بے ہودہ ہیں۔‘
مسلم لیگ ق کے صدر کا کہنا تھا کہ ’میں نے اپنے بیٹوں کو ہمیشہ سچ بولنے اور وعدے کا پاس رکھنے کی تلقین کی ہے اور میرے کہنے پر ہی انہوں نے اپوزیشن کے متفقہ امیدوار شہباز شریف کو ووٹ ڈالا تھا۔‘
’چودھری وجاہت نے الزام لگایا ہے کہ میرے بیٹے مانگے تانگے کے وزیر بنے ہوئے ہیں اور ان کا کوئی حلقہ نہیں ہے۔ میں ان باتوں کا جواب کسی وقت گجرات جا کر گجرات والوں کے سامنے دوں گا اور بتاؤں گا کہ کس کا کون سا حلقہ ہے۔’
انہوں نے کہا کہ ’ہم نے کسی سے کوئی وزارت نہیں مانگی تھی۔ آصف علی زرداری نے خود آکر ہمیں مبارک باد دی تھی۔‘
’چودھری وجاہت حسین نے یہ بھی کہا ہے کہ طارق بشیر چیمہ نے ہمارے خاندان کو تقسیم کردیا۔طارق بشیر چیمہ سے متعلق انہوں نے جو بیان دیا ہے وہ غیر اخلاقی اور جھوٹ پر مبنی ہے۔‘

شیئر: