Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرندوں کے ٹکرانے کے واقعات، لاہور ایئرپورٹ پر 3 گھنٹوں کے لیے پروازوں پر پابندی

’کسی بھی ہنگامی صورت حال میں طیارہ 15 منٹ پیشگی اطلاع کے بعد لینڈنگ کرسکے گا‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ہوائی جہازوں سے پرندوں کے ٹکرانے کے واقعات کے پیش نظر لاہور میں طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف پر دو ماہ کے لیے پابندی عائد کردی ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جمعے کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 11 جولائی سے 15 ستمبر تک صبح 5 سے 8 بجے کے دوران طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف پر پابندی ہوگی۔‘
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ’مون سون میں پرندوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے فضائی سفر کو محفوظ بنانے کے لیے یہ پابندی عائد کی گئی ہے۔
’اس حوالے سے ملکی و غیرملکی ایئرلائنز کو نوٹم جاری کرتے ہوئے سختی سے وقت کی پابندی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔‘
سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ ’کسی بھی ہنگامی صورت حال میں طیارہ 15 منٹ پیشگی اطلاع کے بعد لینڈنگ کرسکے گا۔‘
اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے عیدالاضحیٰ پر فضائی سفر کو محفوظ بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر آگاہی مہم بھی شروع کر رکھی ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ ماہ سول ایوی ایشن نے پری مون سون اور مون سون کے موسم میں لاہور ایئرپورٹ پر مزید برڈ شوٹرز تعینات کیے تھے۔
سول ایوی ایشن کے مطابق مون سون کے موسم میں پرندوں کی بڑھتی تعدد کے پیش نظر صبح کے وقت 12 جبکہ دوپہر کی شفٹ میں 10 برڈ شوٹرز موجود رہتے ہیں اور رن وے پر گشت کرتے ہیں۔‘
بیان کے مطابق ’پرندوں کو ڈرانے کے لیے پٹاخے چلائے جاتے ہیں اور آخری حربے کے طور پر پرندوں کو گولی بھی مار دی جاتی ہے۔‘

’مون سون میں پرندوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے فضائی سفر کو محفوظ بنانے کے لیے یہ پابندی عائد کی گئی ہے‘ (فائل فوٹو: سی اے اے)

’ہر آنے اور جانے والی پرواز سے قبل پرندوں کو رن وے سے دور رکھنے کے لیے 3 سے 4 گاڑیاں تعینات کی گئی ہیں اور پریشر ہارنز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’رن وے اور اس کے اس پاس کیڑے مکوڑوں کی صفائی کے لیے رن وے سویپر کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ پرندوں کی خوراک بننے والے کیڑوں کو ختم کرنے کے لیے کیڑے مار دوا کا سپرے  بھی کیا جا رہا ہے۔‘
’ایئرپورٹ سے ملحقہ علاقوں میں ٹیک آف اور لینڈنگ والے علاقوں میں پمفلٹس تقسیم کیے گئے ہیں تاکہ کچرے کو غلط طریقے سے ٹھکانے لگانے اور صدقہ یا عید قرباں کے گوشت کے حوالے سے پرندوں کی سرگرمیوں کے خطرات کو اجاگر کیا جا سکے۔‘

شیئر: