Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پروازوں کی منسوخی، سول ایوی ایشن اتھارٹی کا غیر ملکی ایئرلائنز کو نوٹس

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے غیر ملکی ائیر لائنز کو آٹھ جولائی تک مسافروں کے تمام مسائل حل کرنے کی مہلت دی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حالیہ ہفتوں میں پروازوں کی منسوخی کے ذریعے مسافروں کے لیے تکلیف کا باعث بننے پر غیر ملکی ایئر لائنز قطر ایئر ویز، ترکش ایئر لائن، امارات ایئر لائن، اتحاد ایئر ویز اور فلائی دبئی کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جمعے کو رات گئے جاری بیان میں کہا ہے کہ ’متاثرہ مسافروں کو رہائش کھانے اور مالی نقصان کی صورت میں تکلیف اور ذہنی تناؤ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔‘
 نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ایئر لائنز پاکستان آنے والے مسافروں کے لیے جلد از جلد پرواز اور رہائش کی سہولت کو یقینی بنائیں۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مسافروں کے نقصان کے ازالے کے حوالے سے کہا ہے کہ ’مسافروں کو ٹکٹوں کی رقوم واپس کی جائیں اور نقصانات کے ازالے کو معاوضے کی صورت میں یقینی بنایا جائے۔‘
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے غیر ملکی ائیر لائنز کو آٹھ جولائی تک مسافروں کے تمام مسائل حل کرنے کی مہلت دی ہے بصورت دیگر سول ایوی ایشن اتھارٹی ان کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کر سکتی ہے۔

شیئر: