Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 سفری پابندی والے ممالک سے آنے والے ضوابط پرعمل کریں، سول ایوی ایشن

فضائی کمپنیاں اپنے مسافروں کو قرنطینہ ضوابط سے مطلع کریں(فوٹو، ٹوئٹر)
پاکستان سمیت 6 ممالک سے سفری پابندی ہٹائے جانے کے احکامات کے بعد سول ایوی ایشن کی جانب سے مملکت میں کام کرنے والی فضائی کمپنیوں کو ضوابط کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کردی گئیں ـ
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق  سول ایوی ایشن نے مملکت میں فضائی خدمات انجام دینے والی تمام کمپنیوں کوہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن 6 ممالک سے مسافروں کی آمد پرپابندی یکم دسمبر 2021 سے اٹھائی جارہی ہے وہاں سے مسافروں کو لانے والی فضائی کمپنیاں مقررہ ضوابط کی سختی سے پابندی کریں ـ
سول ایوی ایشن کی جانب سے اس امر کی یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ وزارت داخلہ کے جاری کردہ احکامات کے تحت یکم دسمبر بروز بدھ نصف شب کے بعد ایک بجے سے پاکستان ، انڈیا ، مصر ، ویتنام ، برازیل اور انڈونیشیا سے مسافروں کی براہ راست مملکت آمد پر عائد پابندی اٹھائی جارہی ہے ـ

 گزشتہ برس سے پاکستان سمیت متعدد ممالک  آنے پر پابندی عائد تھی (فوٹو، ٹوئٹر)

مذکورہ بالا ممالک سے آنے والے تمام مسافروں کومملکت پہنچنے کے بعد 5 دن کےلیے قرنطینہ سینٹرز میں قیام کرنا ہوگا اس دوران فضائی کمپنیوں کی ذمہ داری ہے وہ اپنے مسافروں کو مملکت آنے کے ضوابط سے مطلع کرتے ہوئے انہیں  پابندی کرنے کی اہمیت سے مطلع کریں ـ
واضح رہے کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پرعمل کرتے ہوئے گزشتہ برس فروری سے سعودی عرب میں پاکستان سمیت 6 ممالک سے مسافروں کے براہ راست مملکت آنے پرپابندی عائد کی گئی تھی ـ
سفری پابندی والے ممالک سے آنے والے مسافروں کو مملکت آنے کے لیے کسی ایسے ملک میں 14 روز قیام کرنا ہوتا تھا جہاں سفری پابندی کا اصول لاگو نہیں تھا ۔
سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے پابندی کے خاتمے کے اعلان کے ساتھ ہی کہا گیا ہے کہ مذکورہ ممالک سے آنے والے مسافروں کو 5 دن ہوٹل قرنطینہ میں گزارنے ہوں گے جہاں پانچویں دن انکا پی سی آر ٹیسٹ کرایا جائے گا جو نیگیٹوآنے پرہی انہیں قرنطینہ سے نکلنے کی اجازت ہوگی ـ
واضح رہے گزشتہ ماہ وزارت بلدیات نےجدہ ، ریاض ، دمام اور الظھران میں قرنطینہ سینٹز قائم کرنے کے احکامات صادر کیے تھے ـ

مسافروں کو پانچ دن قرنطینہ سینٹر میں قیام کرنا ہوگا (فوٹو، ٹوئٹر)

وزارت کی جانب سے قرنطینہ سینٹرز کے لیے ضوابط بھی جاری کیے گئے ہیں تاکہ آنے والے مسافرقرنطینہ کی پابندی درست طورپر کریں ـ قرنطینہ سینٹرز میں قیام کرنے والے مسافروں کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ قرنطینہ کے دوران سینٹرسے باہر نہ جائیں ۔ سینٹر انتظامیہ کو اس امر کا بھی پابندی کیا گیا ہے کہ وہ قیام کرنے والے والے مسافروں کے پی سی آر ٹیسٹ کا بھی بندوبست کریں ـ

شیئر: