Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی سی بی کا انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کا شیڈول

دونوں ٹیموں کے مابین تین ٹیسٹ میچز کی یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے: فوٹو پی سی بی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ یکم سے پانچ دسمبر تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
دونوں ممالک کے مابین تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے بقیہ دو میچز 9 اور 17 دسمبر کو شروع ہوں گے۔ یہ میچز بالترتیب ملتان اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
یہ  پہلا موقع ہوگا کہ جب انگلینڈ کی ٹیم راولپنڈی میں ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔
آخری مرتبہ 2005 میں پاکستان کا دورہ کرنے والی انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو ملتان میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں 22 رنز سے شکست ہوئی تھی۔
اس وینیو پر اب تک کھیلے گئے پانچ ٹیسٹ میچز میں سے پاکستان نے تین میں کامیابی اور ایک میں ناکامی کا سامنا کیا۔
دونوں ٹیموں کے مابین ٹیسٹ سیریز کا آخری میچ اُسی مقام پر کھیلا جائے گا جہاں سال 2000 میں مہمان ٹیم نے ناصر حسین کی زیرقیادت کامیابی حاصل کرکے نیشنل سٹیڈیم میں پاکستان کی مسلسل 34 فتوحات کا سلسلہ توڑا تھا۔
اس مقام پر اب تک پاکستان کو 23 ٹیسٹ میچز میں کامیابی اور صرف دو میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پی سی بی کے انٹرنیشنل کرکٹ کے ڈائریکٹر ذاکر خان کا کہنا ہے کہ انہیں انگلینڈ کے ٹیسٹ سکواڈ کی ایک مرتبہ پھر پاکستان میں میزبانی کرنے پر خوشی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیموں کی کرکٹ میں بہت تبدیلی آ چکی ہے۔

دونوں ممالک کے مابین تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے بقیہ دو میچز 9 اور 17 دسمبر کو شروع ہوں گے: فوٹو اے ایف پی

’امید ہے کہ یہ سیریز دنیا بھر میں موجود کرکٹ کے دلدادہ ناظرین کی توقعات کے عین مطابق دلچسپ اور سنسنی خیز ہوگی۔‘
ذاکر خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کے شائقین نے 17 سال تک انگلینڈ کرکٹ کے ایلیٹ کھلاڑیوں کا انتظار کیا ہے۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے عبوری چیف ایگزیکٹیو کلیئر کانر نے 2005 کے بعد انگلینڈ ٹیم کی پاکستان روانگی کو ایک تاریخی لمحہ قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’گزشتہ چند ماہ سے ای سی بی پاکستان کرکٹ بورڈ سے مسلسل رابطے میں ہے اور و ہ اس سیریز کے  شیڈول  کا اعلان کرنے پر بہت پرجوش ہیں۔‘
دونوں ٹیموں کے مابین تین ٹیسٹ میچز کی یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔ چیمپئن شپ میں انگلینڈ کی ٹیم ساتویں اور پاکستان پانچویں نمبرپر موجود ہے۔
شیڈول کے مطابق پہلا ٹیسٹ میچ یکم سے پانچ دسمبر کو راولپنڈی میں ہوگا۔
دوسرا ٹیسٹ میچ 9 سے 13 دسمبر تک ملتان اور تیسرا 17 سے 21 دسمبر کو کراچی میں ہوگا۔

شیئر: