Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہین آفریدی انجری کے باعث ایشیا کپ سے باہر

پی سی بی کے مطابق ایشیا کپ کے لیے شاہین آفریدی کے متبادل کا اعلان جلد کیا جائے گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو انجری کی وجہ سے مزید چار سے چھے ہفتے آرام کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق سنیچر کو میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی نے شاہین شاہ آفریدی کی رپورٹس دیکھ کر یہ رائے دی ہے۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ شاہین آفریدی آئی سی سی ٹی20 ایشیا کپ اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز سے باہر ہو چکے ہیں لیکن توقع ہے کہ وہ اکتوبر میں نیوزی لینڈ کے ساتھ تین ملکی سیریز میں واپس آئیں گے۔
تین ملکی سیریز کے بعد آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ آسٹریلیا میں ہوگا۔
واضح رہے کہ شاہین آفریدی سری لنکا کے خلاف گال میں پہلے ٹیسٹ کے دوران فیلڈنگ کے دوران دائیں گھٹنے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے۔
پی سی بی کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر نجیب اللہ سومرو نے بتایا کہ میں نے شاہین سے بات کی ہے اور وہ اس خبر سے پریشان ہیں لیکن وہ بہادر نوجوان ہیں جنہوں نے اپنے ملک اور ٹیم کی خدمت کے لیے مضبوط ہو کر واپس آنے کا عزم کیا ہے۔‘
’اگرچہ ان کی صحت کی بحالی میں بہتری ہوئی ہے لیکن اس وقت یہ واضح ہے کہ انہیں مزید وقت درکار ہوگا اور اکتوبر میں ان کی واپسی کا امکان ہے۔‘
’پی سی بی کا سپورٹس اینڈ ایکسرسائز میڈیسن ڈیپارٹمنٹ آنے والے ہفتوں میں شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ مل کر کام کرے گا تاکہ ان کی اگلے میچوں میں محفوظ واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔‘
تاہم شاہین آفریدی اپنی مکمل بحالی تک سکواڈ کے ساتھ رہیں گے۔
پی سی بی کے مطابق ایشیا کپ کے لیے شاہین شاہ آفریدی کے متبادل کا اعلان جلد کیا جائے گا جبکہ پاکستانی ٹیم پیر کو روٹرڈیم سے دبئی پہنچے گی۔

شیئر: