Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بھتہ خوری کیس: اداکارہ جیکلین فرنینڈز کو عدالت سے ضمانت مل گئی

انڈیا کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کا کہنا ہے کہ جیکلین فرنینڈز نے سکیش چندرشیکر سے قیمتی تحائف وصول کیے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کی معروف اداکارہ جیکلین فرنینڈز کو دہلی کی عدالت نے 200 کروڑ روپے کے بھتہ خوری کیس میں مزید ضمانت دے دی۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کی ویب سائٹ کے مطابق جیکلین فرنینڈز منگل کے روز 200 کروڑ روپے کے بھتہ خوری کے مقدمے میں مزید ضمانت کے لیے دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں پیش ہوئیں۔
بالی وڈ اداکارہ ایک ملزمہ کی حیثیت سے سماعت کے بعد کمپلیکس سے باہر نکلیں تو دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ کے باہر میڈیا اور لوگوں کا ہجوم جمع تھا۔
جیکلین فرنینڈز کا یہ کیس مبینہ مجرم سکیش چندر شیکھر سے جُڑا ہے، جس میں جیکلین فرنینڈز خود بھی ملزمہ ہیں۔
ممکن ہے کہ اداکارہ کو عدالت میں پیشی کے بعد کچھ ریلیف ملا ہو لیکن کمرہ عدالت کے باہر قدم رکھتے ہی ان کا واسطہ ایک ہجوم سے پڑا۔
جیکلین کی عدالت میں پیشی کی ویڈیوز منظرعام پر آنے کے بعد کئی مداحوں نے انہیں اس طرح ہراساں کیے جانے پر بھی سوال اٹھایا ہے۔
انڈیا کی سرکاری نیوز ایجنسی اے این آئی کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیکلین فرنینڈز اپنی قانونی ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیشی کے بعد باہر آتی ہیں۔
یہ صورت حال جلد ہی ہنگامہ آرائی کی شکل اختیار کرلیتی ہے جس میں کیمرہ مین، صحافی اور وہاں موجود دیگر افراد اداکارہ کے قریب جانے کے لیے دھکم پیل شروع کر دیتے ہیں۔
اس دوران جیکلین فرنینڈز پولیس اہلکاروں اور اپنے وکلا کی مدد سے ہجوم کو پیچھے ہٹانے کی کوشش کرتی ہیں۔ 

بالی وڈ اداکارہ جیکلین فرنینڈز کی عدالت میں پیشی کے موقع پر ایک ہجوم اکٹھا ہوگیا (فوٹو: پی ٹی آئی)

اس موقعے پر میڈیا کے بعض نمائندوں کو ان سے عدالت کی سماعت کے بارے میں سوالات کرتے بھی سنا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ سُکیش چندرا شیکھر منی لانڈرنگ، فراڈ اور دھوکہ دہی کے 200 کروڑ روپے کے کیس میں مرکزی ملزم ہیں اور تہاڑ جیل میں قید ہیں۔
انڈیا کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کا کہنا ہے کہ بالی وڈ سلیبریٹیز جیکلین فرنینڈز اور نورا فتحی کو ایک فراڈیے کے طور پر پہچانے جانے والے سکیش چندرشیکر کی طرف سے قیمتی تحائف دیے گئے ہیں۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی چارج شیٹ کے مطابق ’تحقیقات کے دوران، جیکلین فرنینڈز کے بیانات 30 اگست 2021 اور 20 اکتوبر 2021 کو ریکارڈ کیے گئے۔
جیکلین فرنینڈز نے اپنے بیان میں بتایا کہ انہیں گوچی، چینل کے تین ڈیزائنر بیگز، گوچی کے دو ملبوسات، لوئس ویٹن کے جوتے، ہیرے کی بالیاں اور مختلف رنگوں کے پتھروں سے بنی بریسلیٹ، دو ہرمیس بریسلیٹ جبکہ ایک منی کوپر بھی دیا گیا جو انہوں نے لوٹا دیا۔‘

اداکارہ اور ماڈل نورا فتحی پر بھی سکیش چندرشیکر سے مالی فوائد حاصل کرنے کے الزامات ہیں (فائل فوٹو: اے این آئی)

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے مطابق جیکلین فرنینڈز نے یہ انکشاف بھی کیا کہ سکیش چندرشیکر نے کئی مواقع پر ان کے لیے نجی جیٹ طیاروں پر سفر کا بھی انتظام کیا جو ہوٹل میں قیام کے علاوہ تھا۔
یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ سکیش چندرشیکر نے نورا فتحی کو گذشتہ سال دسمبر میں 2020 میں ایک بی ایم ڈبلیو گاڑی بھی تحفے میں دی جو محبوب خان کے نام سے رجسٹر ہے۔
نورا فتحی کے بیانات 13 ستمبر اور 14 اکتوبر کو ریکارڈ کیے گئے جن میں انہوں نے بتایا کہ انہیں ایک چیریٹی کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں چندرشیکر کی اہلیہ لینا ماریہ پال کی جانب سے گوچی بیگ اور ایک آئی فون بطور تحفہ دیا گیا۔

شیئر: