Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی مقبول ڈراما ’درِ نجات‘ سعودی چینل ایم بی سی پر شامی عربی میں نشر ہوگا

پاکستانی ٹی وی ڈرامہ  ’درِ نجات‘ جنوبی ایشیا بھر میں ناظرین کی توجہ حاصل کرنے اور نئی دہلی سے ڈھاکہ تک مداحوں کو اجتماعی طور پر ڈراما دیکھنے کی تقریبات میں اکٹھا کرنے کے بعد 6 دسمبر کو سعودی عرب کے ایم بی سی بالی ووڈ چینل پر شامی عربی زبان میں نشر ہونے جا رہا ہے۔
اردو زبان کے اس فیملی ڈرامے کی پہلی قسط یکم اگست کو پاکستان کے اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر ہوئی تھی۔
نشریاتی ادارے کے مطابق ڈرامے کی 23ویں قسط تک سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اسے 1.7 ارب سے زیادہ مرتبہ دیکھا جا چکا تھا۔ تاہم اے آر وائی نے ملکوں کے لحاظ سے ناظرین کی تعداد یا انفرادی طور پر ڈراما دیکھنے والوں کے اعداد و شمار جاری نہیں کیے۔
عرب نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق نشریاتی انتظامات سے واقف ایک ذریعے نے بتایا کہ ایم بی سی نے ڈرامے کے پاکستانی نشریاتی ادارے اے آر وائی ڈیجیٹل سے اس کے حقوق حاصل کیے ہیں اور سیریز کو عربی زبان میں ڈب کرنے کے لیے شام کے میسروبیئن پروڈکشن کو ذمہ داری سونپی ہے۔ ذریعے کے مطابق ڈبنگ کا کام 29 نومبر کو دمشق میں شروع ہوگا اور ڈراما نشر ہونے کے بعد بھی جاری رہے گا۔
میسروبیئن پروڈکشن کے مالک ٹونی میسروبیئن نے تصدیق کی کہ ان کا سٹوڈیو ڈرامے کو عربی زبان میں ڈھالنے کا کام کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ شامی اداکار رامی احمر، ڈرامے کے مرکزی کردار ابو بکر کو اپنی آواز دیں گے، جو پاکستانی اداکار شہریار منور نے ادا کیا ہے۔
میسروبیئن نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’ہم پاکستان کے 15 سے زیادہ ٹیلی وژن ڈراموں پر کام کر چکے ہیں۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے سٹوڈیو کا تازہ ترین پاکستانی ڈرامہ، جو عربی عنوان ’لا احد سواک‘ (تمہارے سوا کوئی نہیں) کے نام سے نشر ہو رہا ہے، پہلے ہی ٹیلی وژن پر دکھایا جا رہا ہے۔
میسروبیئن کے مطابق ان کا سٹوڈیو گزشتہ 15 برس سے غیر ملکی ٹیلی وژن پروڈکشنز کی ڈبگ کر رہا ہے، جن میں انڈین اور پاکستانی ڈرامے بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کام کا ایک اہم حصہ اصل اداکاروں کی پرفارمنس میں موجود جذبات کو عربی زبان میں منتقل کرنا ہے۔
میسروبیئن نے کہا کہ ’سچ پوچھیں تو پاکستانی اداکار غیر معمولی اداکاری کرتے ہیں۔ ہم ان کے فنکارانہ اظہار کو دوبارہ تخلیق کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم ایسی خوب صورت پرفارمنس پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں جو فن اور پروڈکشن کے معیار کے مطابق ہو، تاکہ یہ ناظرین تک پہنچے، ان کے دل جیتے اور ان کے جذبات کو چھو سکے۔‘
ڈرامے کے مرکزی اداکار منور کے لیے اس کا عربی ورژن اس بات کا ذریعہ ہے کہ وہ لوگ بھی اسے دیکھ سکیں گے جنہیں شاید کبھی اس کے اصل اردو ورژن تک رسائی حاصل نہ ہوتی۔
شہریار منور نے جمعرات کو عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ خیال کہ اس کا دوسری زبان میں ترجمہ ہوگا اور معاشرے کے ایک دوسرے طبقے، دنیا کی آبادی کے ایک پورے حصے تک یہ پہنچے گا، مجھے بیک وقت بے حد خوشی اور شکرگزاری کا احساس دلاتا ہے۔‘
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’سی پرومو‘ کے مطابق ڈراما عربی عنوان ’حین غدا الحب خلاصاً‘ (جب محبت نجات بن گئی) کے تحت اتوار سے جمعرات تک سعودی وقت کے مطابق شام 6 بجے نشر ہوگا۔ یہ پلیٹ فارم ایم بی سی بالی ووڈ کے پروگراموں سے متعلق معلومات شیئر کرتا ہے۔ 2013 میں شروع ہونے والا یہ چینل جنوبی ایشیائی تفریحی مواد عربی ڈبنگ یا سب ٹائٹلز کے ساتھ نشر کرتا ہے۔
سٹریمنگ سے اجتماعی طور پر ڈرامہ دیکھنے کی تقریبات تک
عمیرہ احمد کے تحریر کردہ اور ثاقب خان کے ہدایت کردہ ڈرامے ’درِ نجات‘ میں شہریار منور، درِ فشاں سلیم اور نمیر نواز خان نے اداکاری کی ہے۔ اس کی کہانی ایک ایسے خاندان کے گرد گھومتی ہے جسے دھوکے، رازوں اور ایک دوسرے سے متصادم وفاداریوں کے باعث آزمائشوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ڈرامے کی پروڈکشن تھریز انٹرٹینمنٹ نے کی ہے، جس سے شہریار منور بھی وابستہ ہیں۔
پاکستان میں یہ ڈرامہ اے آر وائی کی سٹریمنگ سروس کے لیے بھی ناظرین کی توجہ کا مرکز بن گیا، جب نشریاتی ادارے نے ڈرامے کی نشریات کے دوران پاکستانی ناظرین کے لیے نئی اقساط یوٹیوب کے بجائے اپنے پلیٹ فارم پر جاری کرنا شروع کر دیں۔ پاکستانی کاروباری جریدے ’پرافٹ‘ کے مطابق اے آر وائی نے بتایا کہ اے آر وائی پلس پر ابتدائی 12 روز کے دوران ڈرامے کو 5 کروڑ 50 لاکھ مرتبہ دیکھا گیا اور یہ اس پلیٹ فارم پر پہلے نمبر پر رہا۔ کراچی کے ایک کیفے نے 28 نومبر کو ڈرامے کی سکریننگ اور کراوکے نائٹ کا اعلان بھی کیا ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق گزشتہ ہفتے کے اختتام پر نئی دہلی کے ایک کیفے میں ڈرامے کی ایک قسط دیکھنے کے لیے تقریباً 45 افراد جمع ہوئے، حالانکہ منتظم کو صرف 10 سے 15 افراد کی آمد کی توقع تھی۔ مداحوں نے بنگلورو اور حیدرآباد میں بھی اجتماعی طور پر ڈرامہ دیکھنے کی تقریبات منعقد کی ہیں۔ بنگلہ دیش کے شہر ڈھاکہ میں بھی کیفیز نے ڈرامے کی سکریننگ کا اہتمام کیا، جن میں سے بعض مقامات پر کھانے کے سٹالز اور ڈرامے کے کرداروں کے کارڈ بورڈ سے بنے مجسمے بھی رکھے گئے۔
شہریار منور نے اس ڈرامے میں دو کردار ادا کیے ہیں۔ ایک کردار ہمدرد ابو بکر کا ہے، جب کہ دوسرا اس کے والد امان گجر کا ہے، جو ایک چالاک انگریزی ٹیوٹر ہے۔ دونوں کرداروں کے درمیان واضح فرق نے شہریار منور کی اداکاری کو سراہنے کا موقع فراہم کیا اور مداحوں کو میمز بنانے کے لیے بھی مواد دیا۔
شہریار منور نے کہا کہ ’سب لوگوں نے بہت مہربانی کا مظاہرہ کیا ہے اور میری اداکاری کو سراہا ہے کہ میں ایک ہی کہانی میں ایسا کردار ادا کرنے میں کامیاب رہا جسے لوگ پسند کرتے ہیں، اور پھر ایسا کردار بھی جس سے لوگ نفرت کرتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’لیکن میمز بہت سخت ہیں۔ آج کل سوشل میڈیا کے دور میں، میرا مطلب ہے کہ ردعمل فوراً سامنے آ جاتا ہے۔‘
شہریار منور نے یاد کیا کہ ان کے اس سے پہلے کے رومانوی ڈرامے ’پہلی سی محبت‘ کو بھی ڈب کیا گیا تھا، جس میں مایا علی نے ان کے ساتھ اداکاری کی تھی، اور ان کے خیال میں وہ ڈراما بھی ایم بی سی پر نشر ہوا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ناظرین کی جانب سے ملنے والا ردعمل ٹیلی وژن پروڈکشن کے طویل اوقات کو قابلِ قدر بنا دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’آپ جو طویل گھنٹے کام کرتے ہیں اور جن راتوں کی نیند قربان کرتے ہیں، یہ سب صرف ایک تحسین کے لیے ہوتا ہے۔‘
’اور جب بہت سے لوگوں کو آپ کا کام دیکھنے کا موقع ملتا ہے اور پھر اس طرح کا ردعمل سامنے آتا ہے تو یہ سب کچھ بامعنی اور قابلِ قدر بنا دیتا ہے۔‘

شیئر: