Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مبینہ جعل ساز سُکیش چندرشیکھر کا ’نیٹ فلکس‘ کو دستاویزی فلم ’لَو، سکیم اور دھوکہ‘ پر قانونی نوٹس

سُکیش چندرشیکھر نے اپنے خلاف زیرِ سماعت مقدمے کا فیصلہ ہونے تک فلم کی ریلیز مؤخر کرنے کا مطالبہ کیا ہے (فوٹو: انڈیا ڈاٹ کام)
مبینہ فراڈ کے مرکزی ملزم سُکیش چندر شیکھر نے اپنی زندگی اور مبینہ دھوکا دہی کے مقدمے پر بنائی جانے والی دستاویزی فلم ’لو، اسکیم اور دھوکا: دی سُکیش چندر شیکھر سٹوری‘ کے تخلیق کاروں کو قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔
اخبار ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق سُکیش نے یہ الزام عائد کیا ہے کہ نیٹ فلکس پر نشر کی جانے والی اِس دستاویزی فلم میں اُن کی زندگی کا یک طرفہ مؤقف پیش کیا گیا ہے۔ اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ اُن کے خلاف مقدمے کا فیصلہ ہونے تک فلم کی ریلیز مؤخر کی جائے۔
سُکیش چندر شیکھر کا دستاویزی فلم پر قانونی نوٹس
سُکیش کے وکلا کی فرم ’اننتَم لیگل‘ کے مطابق اُنہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فلم کی ریلیز اُس وقت تک ملتوی کی جائے جب تک دستاویزی فلم میں زیرِ بحث فوجداری مقدمات میں استغاثہ کے شواہد قلم بند نہیں ہو جاتے۔
ایڈووکیٹ اننت ملک کی جانب سے جاری کیے گئے قانونی نوٹس میں فلم کے تخلیق کاروں اور نیٹ فلکس کو جواب دینے کے لیے 72 گھنٹے کی مہلت دی گئی ہے۔ دستاویزی فلم 18 دسمبر کو ریلیز کی جانی ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے پاس موجود قانونی نوٹس کی نقل کے مطابق فلم میں لگائے گئے الزامات عدالت میں زیرِ سماعت مقدمے کا حصہ ہیں۔ 200 کروڑ روپے کی مبینہ بھتہ خوری اور تہاڑ جیل کے اندر پیش آنے والے مبینہ واقعات سے متعلق مقدمہ راؤز ایونیو کورٹس کی خصوصی عدالت (مکوکا) میں زیرِ سماعت ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اِس مقدمے میں فی الحال شواہد قلم بند کیے جا رہے ہیں اور سماعت کی اگلی تاریخ 30 نومبر مقرر ہے۔
نوٹس کے مطابق دستاویزی فلم بنانے والوں نے واقعات کے بارے میں سُکیش کا مؤقف جاننے کے لیے اُن سے رابطہ بھی نہیں کیا۔ سُکیش کے وکلا نے اِس دستاویزی فلم کو ’عوامی عدالت‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مقدمے کے سوا کسی بھی کیس میں سُکیش کو مجرم قرار نہیں دیا گیا، جب کہ اِن ایک مقدمے میں سنائی گئی سزا کے خلاف بھی اپیل دائر کی جا چکی ہے۔
سُکیش نے اپنے وکلا کے ذریعے نہ صرف دستاویزی فلم کی ریلیز مؤخر کرنے کا مطالبہ کیا ہے بلکہ یہ بھی کہا ہے کہ ریلیز سے پہلے انہیں فلم دکھائی جائے، تحریری ضمانت دی جائے کہ متعلقہ مقدمات میں استغاثہ کے شواہد قلم بند ہونے تک فلم اور اِس کے ٹریلرز جاری نہیں کیے جائیں گے، اور تشہیری مواد سے انہیں ’فراڈیا‘ قرار دینے والی عبارتیں بھی ہٹائی جائیں۔

200 کروڑ روپے کی مبینہ بھتہ خوری کا مقدمہ اِس وقت خصوصی عدالت میں زیرِ سماعت ہے (فائل فوٹو: ٹائمز آف انڈیا)

ہندوستان ٹائمز کو معلوم ہوا ہے کہ فلم کے تخلیق کاروں اور نیٹ فلکس نے تاحال قانونی نوٹس کا جواب نہیں دیا۔
کچھ دستاویزی فلم ’لو، سکیم اور دھوکا‘ کے بارے میں
نیٹ فلکس نے جمعرات کو اِس دستاویزی فلم کا اعلان کرتے ہوئے اسے ایک ایسے شخص کی غیر معمولی کہانی قرار دیا جس پر دھوکا دہی کا ایک پیچیدہ جال بُننے کا الزام ہے۔
یہ دستاویزی فلم ’کری اینڈ سائنائیڈ: دی جولی جوزف کیس‘ اور ’دی اندرانی مکھرجی سٹوری: بریڈ ٹروتھ‘ بنانے والی ٹیم نے تیار کی ہے۔
نیٹ فلکس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق فلم کی تیاری کے لیے دو سال تک تحقیق کی گئی، جس کے دوران سُکیش کے ماضی کا کھوج لگانے اور یہ جاننے کی کوشش کی گئی کہ وہ اِس قدر بڑے پیمانے پر مبینہ سرگرمیاں کیسے جاری رکھ سکا، یہاں تک کہ تہاڑ جیل کے اندر رہتے ہوئے بھی اُن کا یہ سلسلہ کیسے چلتا رہا۔
فلم کی ہدایت کاری مومیتا سین اور نیانتھا شیکھر نے کی ہے، جب کہ چندنی اہلاوت داس اس کی ایگزیکٹو پروڈیوسر ہیں۔
دستاویزی فلم ’لو، سکیم اور دھوکا: دی سُکیش چندر شیکھر سٹوری‘ نیٹ فلکس پر 18 دسمبر کو ریلیز ہوگی۔
سُکیش چندر شیکھر کے خلاف مقدمہ
سُکیش چندر شیکھر پر 200 کروڑ روپے کی بھتہ خوری کے ایک مقدمے کا مبینہ مرکزی منصوبہ ساز ہونے کا الزام ہے۔

قانونی نوٹس کے مطابق دستاویزی فلم بنانے والوں نے واقعات کے بارے میں سُکیش کا مؤقف جاننے کے لیے اُن سے رابطہ بھی نہیں کیا (فائل فوٹو: پی ٹی آئی)

اُن پر یہ الزام بھی ہے کہ اُنہوں نے سال 2020 سے سال 2021 کے دوران دہلی کی روہنی جیل میں قید رہتے ہوئے خود کو اعلیٰ سرکاری عہدیدار ظاہر کیا اور رین بیکسی کے سابق مالک شیوِندر موہن سنگھ کی اہلیہ ادیتی سنگھ سے تقریباً 200 کروڑ روپے وصول کیے۔
انہوں نے اِس رقم کے عوض ادیتی سنگھ کو اُن کے شوہر کی جیل سے رہائی کی یقین دہانی کروائی تھی۔
دہلی پولیس کے شعبہ اقتصادی جرائم (ای او ڈبلیو) نے مبینہ بھتہ خوری کے اِس معاملے کی تحقیقات کیں اور مہاراشٹر کنٹرول آف آرگنائزڈ کرائم ایکٹ (مکوکا) کے تحت چالان عدالت میں جمع کرایا۔
بعدازاں اِس مقدمے میں سُکیش کو آٹھ سال قید کی سزا سنائی گئی، تاہم اُنہوں نے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے۔
جعل سازی کو ’فن‘ کی شکل دینے والا ’سکیش چندرشیکھر ‘
سکیش چندرشیکھر کو اصل شہرت سال 2017 کے بعد ملی، جب اُن کا نام ایک بڑے سیاسی رشوت سکینڈل میں سامنے آیا۔ اُس وقت وہ دہلی کی تہاڑ جیل میں قید تھے، مگر الزام یہ تھا کہ اُنہوں نے اے آئی اے ڈی ایم کے دھڑے کو انتخابی نشان دلوانے کے لیے الیکشن کمیشن کے افسروں تک رسائی کا دعویٰ کیا اور کروڑوں روپے وصول کیے۔

بالی وڈ اداکارہ جیکلین فرنینڈز کا نام بھی سُکیش چندرشیکھر کے ساتھ 200 کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ میں لیا گیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

سال 2021 میں اُِن کا سب سے بڑا فراڈ منظرعام پر آیا۔ آدیتی سنگھ نے دہلی پولیس کو شکایت درج کروائی کہ ایک شخص نے خود کو لا سیکریٹری ظاہر کرکے اُن سے تقریباً دو سو کروڑ روپے وصول کیے۔ اِس شخص نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ اِن کے شوہر شیوندر سنگھ کے قانونی مسائل حل کرا سکتا ہے۔ بعد میں تحقیقات سے معلوم ہوا کہ یہ شخص سکیش چندرشیکھر تھا، جو جیل کے اندر سے پورا نیٹ ورک چلا رہا تھا۔
اداکارہ جیکلین فرنینڈز کے ساتھ منی لانڈرنگ میں ملوث
رواں برس مئی میں انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی کی ایک عدالت نے بالی وڈ کی معروف اداکارہ جیکلین فرنینڈز، مبینہ نوسرباز سُکیش چندرشیکھر اور دیگر 15 افراد کے خلاف 200 کروڑ روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں فردِ جُرم عائد کرنے کا حکم دیا تھا۔ قبل ازیں اداکارہ نے یہ الزام عائد کیا تھا کہ سُکیش چندرشیکھر اُنہیں جیل سے دھمکیاں دے رہے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سُکیش چندرشیکھر نے اداکارہ کو تحفے کے طور پر پرائیویٹ جیٹ دینے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔

نیٹ فلکس نے کہا ہے کہ یہ فلم ایک ایسے شخص کی غیر معمولی کہانی ہے جس پر دھوکا دہی کا ایک پیچیدہ جال بُننے کا الزام ہے (فوٹو: نیٹ فلکس)

نورا فتحی پر بھی پیسے لینے کا الزام
سُکیش چندر شیکھر نے یہ الزام بھی عائد کیا تھا کہ اُنہوں نے نورا فتحی کو مراکش میں گھر خریدنے کے لیے پیسے دیے تھے۔
اُنہوں نے اپنے وکیل کے ذریعے جاری بیان میں یہ الزام عائد کیا تھا کہ ’نورا فتحی مجھے جیکلین فرنینڈز کے خلاف ورغلاتی رہتی تھیں تاکہ میں نورا کو اپنی گرل فرینڈ بنا لوں۔‘
’نورا مجھے دن میں کم از کم دس مرتبہ فون کرنے کی کوشش کرتی تھیں اور اگر میں اُن کا فون نہ اٹھاتا تو وہ مسلسل کال کرتی رہتیں۔‘

شیئر: