فلسطینی سنیما کے لیے وقف ایک خصوصی پروگرام پیش کیا جائے گا۔ فائل فوٹو انسٹاگرام
غزہ میں ’پریشان کن حالات‘ کی وجہ سے دو بار ملتوی ہونے والا مصر کا الجونہ فلم فیسٹیول 14 سے 21 دسمبر تک منعقد ہوگا۔
عرب نیوز کے مطابق منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ الجونہ فیٹسیول کے چھٹے ایڈیشن میں فلسطینی فلم انسٹی ٹیوٹ کے تعاون سے فلسطینی سنیما کے لیے وقف ایک خصوصی پروگرام پیش کیا جائے گا۔
انسٹاگرام پر جاری کیے جانے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس سال کے ایڈیشن کا مقصد غزہ کی موجودہ صورتحال اور غیر انسانی حالات پر روشنی ڈالنا ہے۔
الجونہ فلم فیسٹیول کے دوران مصری ہلال احمر کے ساتھ مل کر غزہ میں انسانی امداد کی کوششوں کے لیے عطیات جمع کرنے کے لیے ’ فنڈ ریزنگ ڈنر‘ کا انتظام کیا گیا ہے۔
قاہرہ کے جنوب میں 250 میل دور سیاحتی قصبے الغردقہ کے قریب بحیرہ احمر کے کنارے واقع ایک ریزورٹ میں منعقد ہونے والا فلم فیسٹیول کا چھٹا ایڈیشن فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے طور پر بغیر کسی جشن کے منعقد ہو گا۔