Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چترال میں مقامی افراد نے جنگلی بھیڑیے کی جان کیسے بچائی؟

گاؤں کے رہائشیوں نے جنگلی بھیڑیے کو مارنے کے بجائے اس کی جان بچانے کا فیصلہ کیا (فوٹو: اُردو نیوز)
جنگلی بھیڑیے کا نام سُن کر ہی خوف طاری ہو جاتا ہے کیونکہ یہ ایک ایسا جانور ہے جو انسان پر حملہ آور ہو جاتا ہے مگر خیبرپختونخوا میں شہریوں نے ایک جنگلی جانور کی جان بچا لی۔ 
اپر چترال واشیچ کےعلاقے میں مقامی افراد نے زخمی بھیڑیے کو ریسکیو کرکے محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کر دیا۔
یہ واقعہ سنیچر 27 اپریل کو ضلع اپر چترال کے گاؤں واشیچ میں پیش آیا جہاں گاؤں کے نوجوانوں نے گہری کھائی میں ایک جانور دیکھا۔ قریب سے دیکھنے پر معلوم ہوا کہ یہ ایک بھیڑیا تھا جو چلنے پھرنے سے قاصر تھا۔
گاؤں کے رہائشیوں نے جنگلی بھیڑیے کو جان سے مارنے کے بجائے اس کی جان بچانے کا فیصلہ کیا۔
مقامی نوجوان لطیف الرحمان نے اُردو نیوز بتایا کہ ’سردیوں میں جنگلی جانور آبادی کا رُخ کرتے ہیں اور اکثر مال مویشیوں پر حملہ بھی کرتے ہیں مگر اس کے باوجود گاؤں کے لوگوں نے جنگلی جانور کو کھائی سے نکالنے کی ٹھان لی۔‘
انہوں نے بتایا کہ جنگی حیات کی اہمیت کے پیش نظر مقامی نوجوانوں نے وائلڈ لائف واچر اور متعلقہ افسران کو آگاہ کیا جو کچھ دیر بعد موقع پر پہنچ گئے۔
وائلڈ لائف رینج آفیسر بونی منیر احمد نے اُردو نیوز کو بتایا کہ ’بھیڑیے کو ریسکیو کرنے کے لیے اپنی ٹیم کے ہمراہ اس علاقے میں پہنچا تھا۔ اونچائی سے کھائی میں گرنے کے باعث جنگلی بھیڑیے کی حالت غیر تھی۔‘

 رینج آفیسر کے مطابق جنگلی جانور کو اندرونی چوٹیں آئی ہوں گی جن کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہا جاسکتا (فوٹو: اُردو نیوز)

انہوں نے بتایا کہ جنگلی جانور کو ریسکیو کرنے میں مشکل پیش آئی تاہم مقامی لوگوں اور وائلڈ لائف کے اہلکاروں کی مدد سے بھیڑیے کو بحفاظت کھائی سے نکال لیا گیا۔
 رینج آفیسر کے مطابق گرے وولف یعنی سرمئی بھیڑیے کو زخمی حالت میں بونی ہیڈکوارٹر لایا گیا جہاں اس کا معائنہ کرکے ابتدائی طبی امداد دی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ کھائی میں گرنے کی وجہ سے جنگلی جانور کو اندرونی چوٹیں آئی ہوں گی جن کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہا جاسکتا لیکن کوئی بیرونی چوٹ نہیں ہے۔
گرے وولف کو مزید ٹیسٹوں کے لیے لوئرچترال یا پشاور منتقل کرنا ہو گا تاکہ مزید علاج ہو سکے۔
وائلڈ لائف رینج آفیسر بونی منیر احمد کے مطابق واشیچ کے مقامی افراد نے جنگی حیات سے دوستی کا ثبوت دیا ورنہ ایسی صورتحال میں جنگلی جانور دیکھ کر اسے ہلاک کیا جاتا ہے تاہم بروقت اطلاع نے جنگلی جانور کی جان بچالی۔

شیئر: