وزارت تجارت کے مکہ کی مارکیٹوں کے تفتیشی دورے
فروخت کی جانے والی اشیا کے مطلوبہ معیار کو یقینی بنایا جا رہا ہے (فوٹو: عاجل)
سعودی وزارت تجارت اور میونسپلٹی کی جانب سے حج سیزن کے آغاز سے مارکیٹوں، دکانوں اور ریستوران کی چیکنگ کا کام جاری ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق وزارت تجارت کی تفتیشی ٹیموں نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران مکہ مکرمہ ریجن کے 28 ہزار سے زائد تفتیشی دورے کیے۔
وزارت کی تفتیشی ٹیموں نے مکہ مکرمہ شہر کے سینٹرل ایریا، مرکزی مارکیٹوں اور میقیات ( حدود حرم) کے مقامات پر موجود دکانوں، مارکیٹوں و دیگر تجارتی اداروں کا دورہ کیا تاکہ اس امر کو یقینی بنایا جا سکے کہ فروخت کی جانے والی اشیا مطلوبہ معیار سے کم تو نہیں۔
وزارت کی ٹیموں نے مکہ مکرمہ شہر اور اطراف میں پیٹرول سٹیشنز اور وہاں موجود دکانوں پر تفتیشی کارروائیاں کیں۔ علاوہ ازیں جدہ اور طائف میں بھی مختلف ٹیمیں مارکیٹوں کی مسلسل نگرانی کرتی رہیں۔
اسی طرح مکہ مکرمہ میونسلپٹی کی جانب سے بھی اشیائے خورونوش فروخت کرنے والی دکانوں، ریستوران ، فروٹ وسبزی مارکیٹ کے دورے کیے۔
میونسپلٹی کی ٹیموں نے روزمرہ کی ضروریات سے متعلق خدمات فراہم کرنے والی دکانوں جن میں صالون، لانڈریز اور بیکریوں کا بھی دورہ کیا تاکہ وہاں صفائی کے معیار کو جانچا جاسکے۔
