حج 1446 ہجری بمطابق 2025 کے مناسک کا آغاز ہوتے ہی یوم الترویہ (8 ذی الحجہ )کو لاکھوں حجاج کرام وادی منی پہنچ گئے جہاں وہ سارا دن اس عارضی خیمہ بستی میں گزاریں گے۔
حجاج کو قافلوں کی صورت میں مراحلہ وار وادی منی میں منتقل کیا گیا۔ مشاعر ٹرین سروس کے علاوہ بسوں کے ذریعے حجاج کو منی پہنچایا گیا۔
منی میں گرمی کی تپش کو کم کرنے کے لیے رات سے ہی ’واٹرشاورنگ‘ کا انتظام کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے موسم قدرے خوشگوار ہو گیا ۔
سیکیورٹی اہلکار اور اسکاوٹس مختلف مقامات پر حجاج کی مدد اور رہنمائی کے لیے بھی موجود رہے۔ اسکاوٹس اور اہلکار بھی حجاج پر پانی کا چھڑکاو کرتے رہے تاکہ انہیں گرمی کی شدت سے محفوظ رکھا جاسکے۔



