Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج سیزن میں سعودی سکاؤٹس حجاج کی مدد کیسے کر رہے ہیں؟

سکاؤٹس کی مختلف یونٹس کو مشاعر مقدسہ میں تعینات کیا گیا ہے(فوٹو: سبق)
سعودی سکاؤٹس نے ایام حج میں اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے لیے جامع تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔
سکاؤٹس کے مختلف یونٹس کو مشاعر مقدسہ میں تعینات کیا گیا ہے تاکہ وہ عازمین حج کی آمد سے قبل  مقامات سے اچھی طرح واقف ہو سکیں۔
سبق نیوز کے مطابق مملکت کے مختلف شہروں سے آنے والے سکاؤٹس نے اپنا مرکزی کیمپ مکہ مکرمہ میں لگایا ہے جہاں سے انہیں مشاعر مقدسہ میں تعینات کرنے کا آغاز کردیا گیا۔
سکاؤٹس کے مختلف دستے مشاعر مقدسہ میں حجاج کی بہتر خدمت کے لیے منیٰ، مزدلفہ اور میدان عرفات کے نقشوں کا مطالعہ کر کے گراونڈ پیٹرولنگ کررہے ہیں تاکہ حج مقامات میں قائم مختلف سرکاری اداروں کے دفاتر، حجاج کے خیموں کی لوکیشنز اور طبی مراکز وغیرہ کے محل وقوع کے حوالے سے درست طورپر آگاہ ہوسکیں۔
سکاؤٹس کے کمانڈر ناصر العنزی نے کا کہنا ہے کہ ’گراؤنڈ سکینگ کے آپریشن میں 4700 سکاؤٹس شرکت کررہے ہیں جس کے لیے تین مراحل مقرر کیے گئے ہیں۔‘
پہلے مرحلے میں وادی منیٰ اور میدان عرفات کے مقامات کی نشاندہی کرنا ہے تاکہ حجاج کی بہتر طریقے سے رہنمائی کی جا سکے۔

سکاؤٹس سرکاری اداروں کے تعاون سے حجاج کی رہنمائی کرتے ہیں (فوٹو: سبق)

دوسرے مرحلے میں  حج مقامات کے مختلف مقامات پر قائم اداروں کے بارے میں سکاؤٹس کو معلومات فراہم کی جائیں گی جبکہ تیسرے مرحلے میں نقشوں کی مدد سے مقامات کو تلاش اور ان کی نشاندہی کرنا شامل ہے۔
واضح رہے حج ایام میں سکاؤٹس کا کردار کافی اہم ہوتا ہے جو سرکاری اداروں کے تعاون سے حجاج کی رہنمائی کرتے ہیں اور گم ہو جانے والے حجاج کو ان کے خیموں تک پہنچاتے ہیں۔ علاوہ ازیں بیمار حجاج کو وہیل چیئر کے ذریعے مختلف مقامات پر منتقل کرنا بھی ان کی خدمات میں شامل ہے۔

 

شیئر: