Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی قیادت کو حج سیزن 2025 کی کامیابی پر خلیجی رہنماؤں کی مبارک باد

خلیجی رہنماؤں نے اپنے پیغامات میں مملکت کی مزید ترقی اور خوشحالی کی خواہش کا اظہار کیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی قیادت کو خلیجی رہنماؤں نے حج سیزن 2025 کی کامیابی پر مبارک باد کے پیغامات بھیجے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو بھیجے گئے پیغام میں حج سیزن کی کامیابی کی مبارک باد دی، اور مملکت کی مزید ترقی اور خوشحالی کی خواہش کا اظہار کیا۔
قطر کے نائب امیر، وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی نے بھی شاہ سلمان کو مبارک باد کا پیغام بھیجا ہے۔
امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مبارک باد دی۔
انہوں نے مسجد الحرام کی توسیع اور ترقی کے لیے اقدامات، عازمین حج کی خدمات کے لیے سمارٹ اور جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے کی بھی تعریف کی۔ 
کویتی ولی عہد شیخ صباح خالد الحمد الصباح نے بھی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مبارک باد کا پیغام روانہ کیا۔
عمان کے سلطان ہیثم بن طارق نے شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کو مبارک باد دی۔
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو مبارک باد کا پیغام بھیجا۔
امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم، نابب وزیراعظم شیخ منصور بن زاید آل نہیان نے بھی پیغامات بھیجے ہیں۔
بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ نے شاہ سلمان کو اپنے پیغام میں حج سیزن کی کامیابی اور بہترین انتظامات پر مبارک باد دی۔
بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ نے بھی سعودی قیادت کو الگ الگ پیغامات بھیجے ہیں۔
اپنے پیغام میں انہوں نے مناسک حج کو محفوظ اور آسان بنانے اور حجاج کو خدمات کی فراہمی کےلیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔
متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ کے حکمران اور سپریم کونسل کے رکن شیخ سعود بن صقر القاسمی، ریاست شارجہ کے حکمراں ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی نے بھی مبارک باد کا پیغام بھیجا ہے۔

 

شیئر: