Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی انتقال کر گئے

مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی انتقال کر گئے۔ وہ دو ہفتے سے علیل تھے اور اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔
عرفان صدیقی سینیٹ میں مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر تھے اور صدر مسلم لیگ ن نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ ( ن) کے پارلیمانی قائد عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
آصف علی زرداری نے ان کے خاندان سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی پاکستان میں جمہوریت کے لیے بے پناہ خدمات ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر عرفان صدیقی صحافت کے ساتھ سیاست میں بھی اعلیٰ روایات کے علمبردار تھے۔ ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ 
عرفان صدیقی کون تھے؟
عرفان صدیقی کا تعلق پنجاب کے شہر راولپنڈی سے تھا۔ ابتدائی تعلیم وہیں سے حاصل کی۔
انہوں نے تدریس کے میدان میں بھی خدمات انجام دیں اور بعد ازاں مختلف اخبارات میں بطورِ کالم نگار اور تجزیہ کار اپنی پہچان بنائی۔
سیاسی کیریئر
عرفان صدیقی نے سیاست میں باقاعدہ قدم 2013 کے بعد رکھا، جب انہیں سابق وزیرِاعظم محمد نواز شریف کا مشیر برائے قومی امور مقرر کیا گیا۔
انہوں نے وزیرِاعظم کے قریبی مشیر کے طور پر قومی پالیسیوں، سیاسی بیانیے، اور فکری حکمتِ عملی کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔
مارچ 2021 میں وہ پاکستان مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر سینیٹ آف پاکستان کے رکن منتخب ہوئے۔
جون 2024 میں عرفان صدیقی کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا چیئرمین منتخب کیا گیا۔

 

شیئر: