اردن کے شاہ عبداللہ کے لیے پاکستان کا اعلٰی ترین سول ایوارڈ ’نشان پاکستان‘
اردن کے شاہ عبداللہ کے لیے پاکستان کا اعلٰی ترین سول ایوارڈ ’نشان پاکستان‘
اتوار 16 نومبر 2025 15:57
پاکستان کی جانب سے اردن کے شاہ عبداللہ کو اعلٰی ترین سول ایوارڈ نشان پاکستان سے نوازا گیا ہے۔
اتوار کو ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے شاہ عبداللہ کو یہ ایوارڈ دیا۔ شاہِ اردن نے صدر آصف علی زرداری کو ’وسامُ النّہضہ المرصّع‘ (آرڈر آف دی رینیسانس) سے نوازا، جو سربراہانِ مملکت اور معزز شخصیات کو دیا جاتا ہے۔
تقریب میں اعلیٰ سول و عسکری حکام بشمول وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور ایڈمرل نوید اشرف نے شرکت کی۔ وفاقی کابینہ کے ارکان اور سفرا بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اردن کے شاہ عبداللہ گذشتہ روز سنیچر کو دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے۔
قبل ازیں ایوان صدر سے جاری کردہ بیان کے مطابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی شاہ عبدالّلہ سے ایوانِ صدر میں ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں خاتونِ اوّل آصفہ بھٹو زرداری، ڈپٹی وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، سینیٹر شیری رحمان، وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ سینیٹر مصدق ملک، سیکریٹری وزارتِ خارجہ اور پاکستان اور اردن کے سفیران بھی موجود تھے۔
صدر پاکستان اور شاہ عبداللہ نے دوطرفہ تعاون کو نئے شعبوں تک توسیع دینے پر اتفاق کیا۔ (فوٹو: ایوان صدر)
صدر آصف علی زرداری نے پاکستان اور اردن کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
صدر پاکستان اور شاہ عبداللہ نے دوطرفہ تعاون کو نئے شعبوں تک توسیع دینے پر اتفاق کیا۔ صدر زرداری اور اردن کے فرماں روا نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا اور خطے میں امن و استحکام کی مشترکہ حمایت کی۔ دونوں نے ریاستی حل کے تحت آزاد، خودمختار اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیا۔