جدہ میں حج کے تاریخی راستوں کی بحالی، زائرین کا یادگار سفر
سعودی وزارتِ ثقافت سفرِ حج سے جڑے ہوئے تاریخی اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور ’ہسٹورک جدہ‘ حج کے تاریخی روٹس کے آغاز کے پہلے مرحلے میں لوگوں کا خیرمقدم کر رہا ہے۔
اس انیشیٹیو کا مقصد زائرین کے ثقافتی اور سیاحتی تجربے کو بہتر بنانا اور صدیوں سے مکہ جانے کے لیے ’ہسٹورک جدہ‘ کے گیٹ وے ہونے کے کردار کو نمایاں کرنا ہے۔
یہ روٹ ایک مربوط ثقافتی اور سیاحتی تجرے کا آئینہ دار ہے جو زائرین کو اس مقام کی تہذیبی اور انسانی قدروں کے ساتھ جوڑ دیتا ہے۔
یہ روٹ ان تاریخی سٹیشنوں پر روشنی ڈالتا ہے جہاں سے گزر کر زائرین ’ہسٹورک جدہ‘ پہنچا کرتے تھے۔ یہی وجہ ہے اس مقام کی جڑیں تاریخی اعتبار سے گہری ہیں اور حج کے سفر میں اس جگہ کو ایک خاص اہمیت بھی حاصل ہے۔
’ہسٹورک جدہ‘ کے راستے میں آثارِ قدیمہ کی کئی سائٹس بھی ہیں اور بہت سی اہم مساجد بھی ہیں۔

ان میں الشونہ کی آثارِ قدیمہ کی سائٹ، عثمان بن عفان مسجد، مسجدِالمعمار، بیت نور ولی، بیت نصیف، سوق العلوی اور المغربی مسجد شامل ہے۔
ان اہم سنگ ہائے میل سے گزرنے کے بعد زائرین باب مکہ پہنچتے ہیں اور حج کے اس سفر کی یاد مناتے ہیں جس کے راستوں پر چلتے ہوئے زائرین ماضی میں یہاں آیا کرتے تھے اور مشاعرِ مقدسہ تک جایا کرتے تھے۔
یہ راستہ ثقافتی سیاحت کے ان راستوں میں سے ایک ہے جن کا مقصد ایک تاریخی یاد کو بحال کرنا ہے اور ثقافتی سیاحت کے نقشے پر ’ہسٹورک جدہ‘ کی موجودگی کو تقویت دینا ہے۔

یہ انیشیٹیو ’سعودی وژن 2030‘ کے ان مقاصد سے مطابقت رکھتا ہے جن کے تحت یہاں آنے والوں کے سفر کے تجربات کو ناقابلِ فراموش بنانا ہے۔
ساتھ ساتھ وزارتِ ثقافت کی تاریخی سائٹس کو محفوظ کرنے کی کوششوں کر بہتر بنانا اور انھیں دورِ حاضر کی روح کے مطابق لوگوں کے سامنے لانا بھی اسی انیشیٹیو کا حصہ ہے۔
