Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روہانسی صورت والا گھوڑا: کھلونے کی خامی جو اس کی پہچان بن گئی

یہ کھلونا چین کے شہر یی وو میں میں تیار کیا گیا تھا (فوٹو: پیپلز ڈیلی)
مشرقی چین کی ایک فیکٹری میں ہونے والی معمولی سی سلائی کی غلطی نے ایسا کمال دکھایا کہ ننھے منے کھلونا گھوڑے دنیا بھر کے دل جیتنے لگے۔ ان کھلونوں کے منہ کی عجیب سی بناوٹ انہیں روتا ہوا دکھاتی ہے اور جو چیز پہلے خرابی سمجھی جا رہی تھی وہی بعد میں ان کی پہچان بن گئی۔
ایم ایس این کے مطابق یہ دلچسپ واقعہ جنوری میں اُس وقت سامنے آیا جب ایک انٹرنیٹ صارف نے سوشل میڈیا پر ایک ایسے گھوڑے کی تصویر شیئر کی جس کا چہرہ روتا ہوا لگ رہا تھا۔ دکاندار نے اس تصویر کو دیکھ کر ہنستے ہوئے پیشکش کی کہ اگر خریدار چاہے تو وہ کھلونا بدل سکتا ہے۔ مگر کسی کو کیا خبر تھی کہ یہی ’خرابی‘ جلد ہی مقبولیت کی علامت بن جائے گی۔
یہ کھلونا چین کے شہر یی وو میں میں تیار کیا گیا تھا جو دنیا کی سب سے بڑی چھوٹی اشیا کی تھوک منڈی کے طور پر مشہور ہے۔ تقریباً 20 سینٹی میٹر اونچا یہ سرخ رنگ کا گھوڑا، جو خوش قسمتی کی علامت سمجھا جاتا ہے، صرف 25 یوان میں فروخت ہو رہا تھا۔
چینی قمری سال میں گھوڑے کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے یہ کھلونا نئے سال کی ایک خوبصورت علامت سمجھا جا رہا تھا۔ تاہم، سلائی کی ایک معمولی غلطی کے باعث اس کے نتھنے نیچے کی طرف جھک گئے اور منہ پُھولا ہوا سا نظر آنے لگا، جس سے گھوڑے کا چہرہ رونے جیسا بن گیا۔
چینی اخبار پیپلز ڈیلی کے مطابق فیکٹری میں اس شکل کو پہلے ایک نقص سمجھا گیا، مگر انٹرنیٹ صارفین نے اس نامکمل خوبصورتی کو فوراً قبول کر لیا۔ لوگوں نے محبت سے اس کھلونے کو ’روتا ہوا گھوڑا‘  کہہ کر پکارنا شروع کر دیا۔
جلد ہی یہ روتا ہوا گھوڑا سوشل میڈیا پر مقبول ہو گیا اور وہ ہاتھوں ہاتھ فروخت ہونے لگا۔ یوں ایک چھوٹی سی پیداواری غلطی نے نہ صرف ایک نیا رجحان جنم دیا بلکہ ثابت کر دیا کہ کبھی کبھار خامیاں ہی اصل خوبصورتی بن جاتی ہیں۔

 

شیئر: