Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین کی مدد سے پاکستان کی خلائی صلاحیت بڑھ رہی ہے: انڈین چیف آف ڈیفنس سٹاف کا اعتراف

انڈین چیف آف ڈیفنس سٹاف (سی ڈی ایس) جنرل این ایس راجا سبرامنی نے کہا ہے کہ ’چین کی مدد سے پاکستان کی خلائی صلاحیت میں بہتری آ رہی ہے، جسے چین کی دیگر شعبوں میں صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنی حکمتِ عملی ترتیب دیتے وقت بھی پیشِ نظر رکھنا ہو گا۔‘
انڈین نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق، اُن سے ایک سیمینار کے دوران چین کی جانب سے بدھ کو تین خلابازوں کو لے جانے والے شینژو 24 خلائی جہاز کی کامیاب روانگی کے بارے میں سوال کیا گیا تھا جس کے تین رُکنی عملے میں پاکستان کے محمد ذیشان علی بھی شامل ہیں۔
جنرل این ایس راجا سبرامنی کا کہنا تھا کہ ’جہاں تک پاکستان کی خلائی صلاحیت سے متعلق پہلے سوال کا تعلق ہے، تو جی ہاں! چین کے تعاون سے پاکستان کی خلائی صلاحیت میں بہتری آ رہی ہے۔ اس کے علاوہ سپارکو، جو کہ ایک خلائی تحقیقی ادارہ ہے، اپنی صلاحیت کو خود ترقی دینے کے لیے بھی کام کر رہا ہے۔‘
’اب ہمیں یہ بھی تسلیم کرنا ہو گا کہ ترکیہ کے پاس بھی یہ صلاحیت موجود ہو گی اور چین کے پاس جو بھی صلاحیتیں ہیں، خصوصاً انٹیلی جنس، پوزیشننگ، نیویگیشن اور ٹائمنگ وغیرہ کے شعبوں میں، وہ پاکستانیوں کو بھی دستیاب ہوں گی لہٰذا ہمیں اپنی حکمتِ عملی مرتب کرتے وقت ان تمام عوامل کو مدنظر رکھنا ہو گا۔‘
انڈین سی ڈی ایس کا مزید کہنا تھا کہ ’پاکستان کی کی انٹیلی جنس، نگرانی اور جاسوسی کی صلاحیتیں بہتر ہوں گی۔ لیکن ان عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں اپنی صلاحیتوں میں اضافے پر توجہ دینا ہو گی۔‘
’اس کے ساتھ ساتھ ہم ایسے طریقہ کار پر بھی کام کر رہے ہیں جن کے ذریعے ہم مزید سیٹلائٹس تیار کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں خلا میں بھیجنے کے قابل ہو سکیں۔ ہم اس مقصد کے لیے نجی شعبے کے کاروباری افراد اور اداروں کے ساتھ بھی کام کر رہے ہیں۔‘
محمد ذیشان علی چین کے انسان بردار خلائی پروگرام میں حصہ لینے والے پہلے غیر ملکی شہری ہیں۔ چین کے خلائی مشن میں اُن کی شرکت چین اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کی تقریبات کا حصہ ہے۔ دونوں ممالک قریبی دفاعی اور اقتصادی تعلقات کے باعث ایک دوسرے کے ’ہر موسم کے دوست‘ تصور کیے جاتے ہیں۔
جنرل این ایس راجا سبرامنی نے سیمینار سے ’جنگ کا مستقبل اور کثیرالجہتی آپریشنز کے لیے انڈیا کی تیاری‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔ اُنہوں نے بعدازاں شرکا کے سوالات کے جواب دیے۔ اِس نشست کی میزبانی سابق چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل انیل چوہان نے کی، جو گزشتہ برس آپریشن سندور کے دوران اِس عہدے پر فائز تھے۔
ذیشان علی خلا میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی
چین کے شینژو 24 مشن کے خلاباز اِس وقت چین کے خلائی سٹیشن تیانگونگ میں اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دے رہے ہیں، جن میں پاکستانی خلاباز ذیشان علی بھی شامل ہیں۔
یہ مشن بدھ کی صبح جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ ہوا تھا جو قریباً ساڑھے تین گھنٹے کے سفر کے بعد خلائی سٹیشن سے منسلک ہوا تھا جب کہ اِس سے قبل اِس کے کامیابی سے مدار میں داخل ہونے کی اطلاع سامنے آئی تھی۔
اِس مشن میں پاکستان کے خلاباز ذیشان علی اور دو چینی خلاباز بونگ بو اور وو یی خلائی سٹیشن تیانگونگ کے اندر پہنچ گئے ہیں اور وہاں سے تصاویر کے ساتھ ویڈیوز بھی جاری کی گئی ہیں۔
محمد ذیشان علی اِس خلائی سٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیر ملکی شہری ہیں۔

محمد ذیشان علی چین کے انسان بردار خلائی پروگرام میں حصہ لینے والے پہلے غیر ملکی خلاباز ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

چین کے قومی اخبار گلوبل ٹائمز کے مطابق سٹیشن پر موجود خلابازوں نے زمین سے جانے والوں کا دروازہ کھول کر استقبال کیا اور ملاقات کو ’سپیس ہینڈ شیک‘ قرار دیا۔
لانچ کے بعد جاری ہونے والی تصاویر میں خلا بازوں کو خلائی جہاز کے اندر دیکھا جا سکتا ہے جہاں وہ پرواز کے دوران معمول کے مطابق اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
پاکستان کے خلائی تحقیقاتی ادارے سپارکو کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شفاعت علی کے مطابق پاکستانی خلا باز چینی خلائی سٹیشن پر قریباً ایک ہفتہ قیام کریں گے اور اِس دوران تین مختلف سائنسی تجربات کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس پاکستان اور چین کے درمیان ہونے والے ایک معاہدے کے تحت شینژو 24 مشن کے لیے دو پاکستانی خلا بازوں محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو تربیت دی گئی تھی۔

شیئر: