ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپیئن شپ: انفرادی ٹائم ٹرائل میں قازقستان فاتح
یوجینی فیدوروف نے فاصلہ 36 منٹ 11 سیکنڈ میں طے کیا۔ (فولو: ایکس اکاونٹ)
قصیم ریجن میں ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپیئن شپ کے دوسرے مرحلے میں انفرادی ٹائم ٹرائل ریسز کا انعقاد کیا گیا جس میں قازقستان کے سائیکلسٹ سرفہرست رہے۔
ایس پی اے کے مطابق قازقستان کے رائیڈر یوجینی فیدوروف نے ایلیٹ مینز کی انفرادی روڈ ریس میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے فاصلہ 36 منٹ 11 سیکنڈ میں طے کیا۔
قازقستان کے ہی نکولس ونوکوروف نے 36 منٹ 56 سیکنڈ کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ تائیوان کے رائیڈر تیسرے نمبر پر رہے اور کانسی کا میڈل جیتا۔
ویمنز جونیئر انفرادی ٹائم ٹرائل میں قازقستان کی اینل تاشبے نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا جبکہ قازقستان کے منصور بیسمبائی نے مینز انڈر 23 انفرادی ٹائم ٹرائل ریس میں سبقت لی۔
سعودی عرب میں پہلی مرتبہ ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپیئن شپ منعقد ہو رہی ہے، جو 12 فروری تک جاری رہے گی۔

چیمپیئن شپ میں رجسٹرڈ سائیکلٹس کی تعداد 700 کے قریب ہے، جن کا تعلق ایشیا کے مختلف ملکوں سے ہے۔ انڈونیشیا نے چیمپیئن شپ میں حصہ لینے کے لیے 16 ٹاپ سائیکلسٹ بھیجے ہیں۔
خیال رہے ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپیئن شپ میں مختلف ایشیائی ملکوں کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ روڈ مقابلے انفرادی اور ٹیموں کی بنیاد پر ہو رہے ہیں۔
