ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپیئن شپ: قازقستان کی سائیکلسٹ نے گولڈ میڈل جیت لیا
سعودی عرب میں جاری ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپیئن شپ 2026 میں قازقستان کی روڈ سائیکلنگ ٹیم کی رائیڈر ریناتا سلطونوف نے گولڈ میڈل حاصل کر لیا۔
خواتین کے 20 کلومیٹر انفرادی ٹائم ٹرائل میں انہوں نے فاصلہ 26 منٹ اور 5 سیکنڈ میں مکمل کر کے تیز ترین وقت ریکارڈ کیا۔
ہانگ کانگ کی رائیڈر وین لی لیونگ نے سلور میڈل جیتا۔ ان کا وقت 26 منٹ 14 سیکنڈ رہا، جبکہ چین کے ژانگ ہاؤ نے کانسی کا میڈل جیت کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
یوتھ کیٹیگری میں جاپان کے تاکومی ماتسومورا سرفہرست رہے۔ قازقستان کے قلیب نوف دوسرے اور چین کے رائیڈر تیسرے نمبر پر رہے۔
ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپیئن شپ سعودی عرب میں پہلی مرتبہ منعقد ہو رہی ہے۔ یہ چیمپیئن شپ 12 فروری تک جاری رہے گی۔
چیمپیئن شپ میں رجسٹرڈ سائیکلٹس کی تعداد 700 کے قریب ہے، جن کا تعلق ایشیا کے مختلف ملکوں سے ہے۔ انڈونیشیا نے چیمپیئن شپ میں حصہ لینے کے لیے 16 ٹاپ سائیکلسٹ بھیجے ہیں۔

سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق گورنر قصیم شہزادہ ڈاکٹر فیصل بن مشعل بن سعود نے چیمپیئن شپ کا افتتاح کیا، نائب گورنر شہزادہ فہد بن سعد بن فیصل، سعودی سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر عبدالعزیز الشھرانی، وزارتِ سپورٹس کے ریجنل ڈائریکٹر و دیگر اعلٰی افسران بھی موجود تھے۔
گورنرقصیم نے علاقے میں سپورٹس سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’اس ایونٹ کی میزبانی سے سپورٹس کو فروغ ملے گا۔‘
خیال رہے ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپیئن شپ میں مختلف ایشیائی ملکوں کی ٹمیں شرکت کر رہی ہیں۔ روڈ مقابلے انفرادی اور ٹیموں کی بنیاد پر ہوں گے۔
