’البشت الحساوی‘ فیسٹیول کا تیسرا ایڈیشن اختتام پذیر، ہزاروں افراد کی شرکت
خلیجی اورعرب ممالک سے بھی لوگوں نے دلچسپی کا اظہار کیا۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ہیریٹج اتھارٹی کے زیرانتظام الھفوف شہر کے تاریخی قصرابراہیم میں ’البشت الحساوی‘ فیسٹیول کا تیسرا ایڈیشن اختتام پذیر ہو گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق فیسٹیول میں اندرون اور بیرون مملکت سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
’البشت‘ فیسٹیول میں خلیجی اورعرب ممالک سے بھی لوگوں نے دلچسپی کا اظہار کیا۔
’بشت‘ کو یونیسکو میں ثقافتی ورثے کی نمائندہ فہرست میں رجسٹر کیا گیا ہے۔ اتھارٹی کی جانب سے فیسٹیول میں اس قدیم ثقافت کے مختلف پہلووں کو اجاگر کیا گیا۔
فیسٹیول میں وزیٹرز کو الاحسا ریجن کی ثقافت سے روشناس کرانے کے ساتھ مختلف علاقائی صنعتوں کے بارے میں تفصیل سے بتایا گیا جو صدیوں سے نسل درنسل چلی آرہی ہیں جن میں بشت کی تیاری سرفہرست ہے۔

قصر ابراہیم میں مختلف سٹالز لگائے گئے تھے جہاں بشت کی تیاری کو مختلف مراحل میں دکھایا گیا۔
بشت پر ہونے والے زری کے کام کے بارے میں بھی تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔
علاوہ ازیں ان آلات کے بارے میں بھی بتایا گیا جو ماضی اور حال میں بشت کی تیاری کے لیے ضروری خیال کیے جاتے ہیں۔
