پشاور میں من پسند نمبر پلیٹس کی نیلامی، ایک روز میں 47 کروڑ سے زائد کی ریکارڈ بولیاں
اتوار 15 فروری 2026 10:32
نیلامی میں سب سے بڑی بولی ’داوڑ1 ‘ نمبر پلیٹ نے دی جو17 کروڑ 50 لاکھ روپے تھی (فوٹو: سکرین گریب)
محکمہ ایکسائز کے زیرِ انتظام پشاور میں ہونے والی چوائس نمبر پلیٹس کی نیلامی میں عوام کی غیر معمولی دلچسپی دیکھنے میں آئی، جہاں صرف ایک دن میں 47 کروڑ 3 لاکھ روپے کی ریکارڈ بولیاں لگیں۔ نیلامی میں مجموعی طور پر 30 منفرد نمبر شامل تھے۔
نیلامی میں سب سے بڑی بولی ’داوڑ1 ‘ نمبر پلیٹ نے دی جو17 کروڑ 50 لاکھ روپے میں انضمام الحق نامی شہری نے خریدی۔ اس کے بعد ’اورکزئی 1‘ نمبر پلیٹ 4 کروڑ 10 لاکھ روپے میں سابق سینیٹر اور ایم پی اے اورنگزیب خان نے حاصل کی۔
اسی طرح ’وزیرستان 1‘ نمبر پلیٹ فیض الرحمان نے4 کروڑ 6 لاکھ روپے میں خریدی جبکہ ’مہمند 1‘ نمبر پلیٹ 3 کروڑ 21 لاکھ روپے میں فروخت ہوئی۔ ’باجوڑ 1‘ کو عباس شاہ نے3 کروڑ 35 لاکھ روپے میں خریدا۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق اس شاندار عوامی شرکت نے وزیر ایکسائز سید فخر جہان کے شروع کردہ اس منفرد منصوبے کو بھرپور کامیابی دلائی ہے۔
وزیر ایکسائز کے مطابق ’چوائس نمبر پلیٹس کا عوام دوست منصوبہ عوام کی دلچسپی کے باعث کامیاب رہا۔ کامیاب بولی دہندگان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی خواہش کے مطابق آئندہ بھی مزید من پسند پلیٹس کی نیلامی کا انعقاد کیا جائے گا اور محکمہ ایکسائز عوامی سہولت، شفافیت اور جدیدیت پر مبنی مزید اقدامات جاری رکھے گا۔
