Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خیبر پختونخوا میں فینسی نمبر پلیٹس کی نیلامی کا اعلان، آغاز 10 لاکھ روپے سے

علاقوں اور شہروں کے ناموں کے علاوہ قبائل کے نام پر نمبر پلیٹ نیلامی کا حصہ ہوں گی (فائل فوٹو: آٹو پاور)
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومت نے شہریوں کو  گاڑی کے لیے اپنی پسند کی نمبر پلیٹ حاصل کرنے کی پیشکش کی ہے۔
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے چوائس نمبر پلیٹس کی الاٹمنٹ کے لیے بولی لگائی جائیں گی جس کے لیے اشتہار بھی جاری کردیا گیا ہے۔
محکمہ ایکسائز کے حکام نے پرسنلائز رجسٹریشن مارکس کے لیے مختلف ناموں کی درخواستیں طلب کی ہیں جس میں خان 1، گنڈا پور 1، کنڈی 1، آفریدی 1 اور پشاور 1 سمیت ہزارہ 1 جیسے نام شامل کیے ہیں۔
ان نمبر پلیٹس کی نیلامی 27 جنوری کو نشتر ہال پشاور میں ہو گی۔
صوبائی حکومت نے سیاسی شخصیات کے ناموں کی نمبر پلیٹس کی نیلامی کا فیصلہ بھی کیا ہے جس میں عمران خان 1 اور عمران خان 804 نام کی نمبر پلیٹس شامل کی گئی ہیں۔
صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن فخر جہاں نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’سیاسی شخصیات کے ناموں میں آصف زرداری، نوازشریف اور مریم نواز شریف سمیت دیگر شخصیات کے ناموں کی فینسی نمبر پلیٹس نیلامی کے لیے پیش کی جائیں گی۔‘
’سب سے زیادہ بولی دینے والے کو پسندیدہ نمبر پلیٹ دی جائے گی جو کہ لائف ٹائم ہو گی یعنی وہ نمبر ہمیشہ خریدار اپنے پاس رکھ سکے گا۔
صوبائی وزیر کے مطابق علاقوں اور شہروں کے ناموں کے علاوہ قبائل کے نام پر نمبر پلیٹ نیلامی کا حصہ ہوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’چوائس نمبر پلیٹ میں عوام دلچپسی ظاہر کر رہے ہے۔ خیبرپختونخوا اور دیگر صوبوں سے خواہش مند حضرات نیلامی میں حصہ لینے کے لیے درخواستیں جمع کرا رہے ہیں۔‘
فخر جہاں کا مزید کہنا تھا کہ منفرد نمبر پلیٹس حاصل کرنے سے ایک تو شہریوں کا من پسند نمبر پلیٹ رکھنے کا شوق پورا ہو جائے گا، دوسری جانب اس سے سرکاری خزانے کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

حکام کے مطابق یہ نمبر پلیٹ چار ٹائروں والی سواری کے لیے قابل استعمال ہو گی (فائل فوٹو: وِکیمیڈیا)

نیلامی میں حصہ لینے کا طریقہ کار کیا ہے؟
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے مطابق چوائس نمبر پلیٹس کی نیلامی میں حصہ لینے کے لیے درخواستیں 26 جنوری تک جمع کی جا سکتی ہیں۔
حکام کے مطابق پرسنلائزڈ رجسٹریشن مارک کی بنیادی قیمت 10 لاکھ روپے ہے تاہم بولی میں حصہ لینے والے حضرات ایک لاکھ روپے سکیورٹی کی مد میں جمع کریں گے۔ کامیاب بولی کے بعد شہری کو فوری بولی کی رقم 10 لاکھ روپے ادا کرنا ہو گی۔
حکام کے مطابق یہ نمبر پلیٹ چار ٹائروں والی سواری کے لیے قابل استعمال ہو گی۔ من پسند نمبر پلیٹ کی تبدیلی کے لیے گاڑی کی سی سی کے مطابق فیس وصول کی جائے گی۔
اس کے علاوہ غیر رجسٹرڈ فینسی نمبر پلیٹ رکھنے والے گاڑی مالکان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

شیئر: