Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیشی وزیراعظم کی تقریبِ حلف برداری، شہاز شریف کی جگہ احسن اقبال شرکت کریں گے

متوقع وزیراعظم طارق رحمان کی تقریب حلف برداری 17 فروری کو ہوگی (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم شہباز شریف کے غیرملکی دورے کے باعث ان کی جگہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال بنگلہ دیش کے نو منتخب وزیراعظم کی تقریبِ حلف برداری میں حکومتِ پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
پیر کو وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق احسن اقبال نو منتخب وزیرِاعظم بنگلہ دیش کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کے لیے ڈھاکہ روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ اعلیٰ سطح کے حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
آسٹریا کے چانسلر کرسچین سٹوکر کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف آج دو روزہ دورے پر ویانا پہنچے ہیں۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔
ڈھاکہ روانگی سے قبل احسن اقبال نے کہا کہ ’دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کر کے سیاسی، معاشی اور اقتصادی شعبوں میں ترقی کی نئی راہیں ہموار ہوں گی، پاکستان دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ اور مستقبل میں سیاسی و اقتصادی پیش رفت کے روشن امکانات کے لیے پُرامید ہے۔‘ 
اس سے قبل اتوار کو بنگلہ دیشی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ حلف برداری کی تقریب میں پاکستان اور انڈیا سمیت جنوبی ایشیا کی علاقائی تعاون تنظیم (سارک) کے رکن ممالک کے سربراہانِ حکومت کو مدعو کیا جائے گا۔
بنگلہ دیشی اخبار ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق متوقع وزیراعظم طارق رحمان کی تقریب حلف برداری 17 فروری کو ہوگی اور اس تقریب کا انعقاد عبوری حکومت کرے گی۔
خیال رہے بی این پی کی جیت کے بعد میڈیا سے اپنی پہلی گفتگو میں بنگلہ دیش کے متوقع وزیرِاعظم طارق رحمان نے دو دہائیوں بعد اپنی جماعت کی اقتدار میں واپسی پر معیشت کی بحالی، امن و امان کے قیام اور گڈ گورننس کو اپنی اولین ترجیحات قرار دے دیا۔
سنیچر کو میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ ’ہمیں انتہائی سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، ہمیں ملک کی معیشت کو سنبھالنا ہے اور اچھی طرزِ حکمرانی کو یقینی بنانا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ جیت بنگلہ دیش کی ہے، یہ جیت جمہوریت کی ہے، یہ ان لوگوں کی جیت ہے جو جمہوریت کی تمنا رکھتے ہیں اور جنہوں نے اس کے لیے قربانیاں دی ہیں۔‘

 

شیئر: