’میاں صاحب کے ساتھ حالات پہلے سے بہتر، مزید بہتر ہونے میں وقت لگے گا‘
’میاں صاحب کے ساتھ حالات پہلے سے بہتر، مزید بہتر ہونے میں وقت لگے گا‘
منگل 17 فروری 2026 10:09
صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ وہ شہباز شریف اور مریم نواز کے ساتھ چلنے کا ارادہ رکھتے ہیں (فوٹو: پی ایم ایل این، سوشل میڈیا)
صدر آصف علی زرداری نے موجودہ حکومت کے ساتھ چلنے کا ارداہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’میاں صاحب کوشش کر رہے ہیں، حالات پہلے سے بہتر ہیں، مزید بہتر ہونے میں وقت لگے گا۔‘
منگل کو صوبہ پنجاب کے شہر وہاڑی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے مزید کہا کہ ’ملک میں چار سال عمران خان نہیں بلکہ جنرل فیض کی حکومت تھی اور ان کو کیا معلوم کہ حکومت کیسے کرنی ہے کیا ریلیف دینا ہے اور کیا نہیں۔‘
صدر آصف زرداری نے پی ٹی آئی کی جانب سے سڑکوں کی بندش کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے کوئی کام نہیں کیا، جو بسیں چلانا تھیں ان کو سڑکوں پر کھڑا کرکے راستے بند کیے جا رہے ہیں۔
ان کے بقول ’ملک ایک برس رک جائے تو 10 سال پیچھے چلا جاتا ہے جبکہ یہ تو چار سال تک رکا رہا ہے۔‘
انہوں نے عمران خان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کو تقریریں کرنے اور سڑکیں بند کرنے کا شوق تھا۔ ’اب ڈیڑھ سال سے تقریر نہیں کی، بیٹا کہہ رہا ہے کہ ملنے نہیں دیا جا رہا۔‘
صدر آصف علی زرداری نے اپنے جیل کے ایام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے 14 سال جیل کاٹی اور جب میرے بچے مجھے ملے تو ان کے قد مجھ سے بڑے ہو چکے تھے۔‘
’بلاول کو بچہ چھوڑ کے گیا جب ملا تو چھ فٹ کا ہو چکا تھا۔ ایسی تکلیفیں زندگی کا حصہ ہیں ان کو برداشت کرنا ہی ہوتا ہے۔‘
انہوں نے اٹھارویں ترمیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے اختیارات دیے تو ایک امریکی تھنک ٹینک نے اسے ان کی غلطی قرار دیا۔ ’میں نے کہا کہ مجھے پتہ ہے کہ میری دھرتی کو کیا چاہیے۔‘
صدر مملکت نے سڑکیں بند کرنے پر خیبر پختونخوا حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا (فوٹو: اے ایف پی)
ان کا کہنا تھا کہ کسی نے مطالبہ بھی نہیں کیا تھا مگر انہوں نے خود اختیارات دیے تاکہ اسمبلیوں کو خودمختار کیا جا سکے۔
انہوں نے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک کو جوہری طاقت بنانے کے لیے اپنی زندگی کو داؤ پر لگایا۔
ان کے مطابق ’بھٹو نے علاقائی خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک کو جوہری قوت بنایا۔‘
ان کے بقول ملک پانچ سال میں نہیں بنتے بلکہ یہ ایک مسلسل عمل ہے جو چلتا رہتا ہے۔
انہوں نے پاکستان کی آب و ہوا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’اللہ نے ہمیں ہر قسم کی نعمت سے نوازا ہے مگر ہمارے پاس سوچ اور تسلسل کی کمی ہے۔‘
صدر نے زراعت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسی کی ترقی میں ملک کی ترقی ہے اور اس کے لیے پانی کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا ہو گا۔