Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بچے کا قاتل، دھوکے باز‘، عماد وسیم کی دوسری شادی پر نائلہ راجہ اور سابق اہلیہ آمنے سامنے

عماد وسیم نے سنہ 2019 میں ثانیہ اسفاق سے پہلی شادی کی تھی (فوٹو: انسٹاگرام)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم سوشل میڈیا انفلوئنسر اور وکیل نائلہ راجہ سے شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب 28 دسمبر 2025 کو ان کی پہلی شادی کے خاتمے کا اعلان سامنے آیا تھا۔
دوسری شادی کی ویڈیوز اور تصاویر ان کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق نے سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے عماد وسیم پر الزامات عائد کیے ہیں۔
ثانیہ اشفاق نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں عماد وسیم کی دوسری شادی کی جھلک دکھائی گئی تھی۔ ویڈیو کے کیپشن میں انہوں نے لکھا تھا کہ ’اب سب لوگ ثبوت دیکھ چکے ہیں۔ اس گھر توڑنے والی خاتون  نے کبھی ایک بار بھی میرے بچوں کے بارے میں نہیں سوچا۔ اس بے وفا کا آخرکار بھانڈا پھوٹ گیا ہے اور میں اپنے بچوں کے لیے اور ان سب تکالیف کے لیے جن سے ہم گزرے ہیں، انصاف چاہتی ہوں۔‘
اس پوسٹ کے سامنے آنے کے بعد کرکٹر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ اپنی شادی کا باضابطہ اعلان بھی کیا۔
اس کے بعد ان کی اہلیہ نائلہ راجہ نے بھی اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں شادی کا اعلان کرتے ہوئے تفصیلی پیغام بھی لکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’سوشل میڈیا پر ویوز لینا اور ٹرینڈ بنانا بہت آسان ہے، لیکن اس کے نتائج حقیقی ہوتے ہیں اور جو شخص اس سے گزر رہا ہوتا ہے وہی اس کے پیچھے چھپے درد کو صحیح معنوں میں جانتا ہے۔‘
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by @sannia_ashfaq2

نائلہ راجہ کا کہنا تھا کہ ’ہم نے دیکھا ہے کہ سوشل میڈیا پر مضبوط ترین شخصیات بھی علیحدگیوں کا سامنا کرتی ہیں اور عوامی دباؤ کے باعث خاندانوں کو قرآن پر حلف اٹھانے پر مجبور کیا جاتا ہے، چاہے وہ مرد ہی کیوں نہ ہوں۔ میں تو بس ایک عام سی لڑکی ہوں، اپنے کیریئر کے ساتھ، جس نے اپنی زندگی بنانے کے لیے بے حد محنت کی ہے۔ ابتدا میں، میں نے بیان اس لیے دیا کیونکہ مجھے لگا شاید کوئی غلط فہمی یا ابہام ہو گیا ہے۔ میں نے قدم اس لیے اٹھایا کیونکہ میں ہمیشہ اپنے لیے کھڑی رہی ہوں۔ سوشل میڈیا پر ردعمل بہت دھمکی آمیز رہا اور اس کے باوجود میرے کردار اور وقار پر سوال اٹھائے جاتے رہے۔‘
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Imad Wasim (@imadwasim)

انہوں نے کہا ’معاملہ اس وقت مزید بڑھ گیا جب صحافیوں کو میرے کردار پر حملہ کرنے اور میری ذاتی زندگی پر بات کرنے کے لیے استعمال کیا گیا۔ میری نجی زندگی پہلے ہی محدود تھی، اور لوگ میری اجازت کے بغیر میری ویڈیوز بنا کر پھیلانے لگے۔ یہاں تک کہ میرے خاندان کو بھی نشانہ بنایا گیا، اور حالات اس قدر خراب ہو گئے کہ سنبھالنا مشکل ہو گیا۔ میری بھابھیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جبکہ وہی لوگ جو ’گھر بچانے‘ کی بات کر رہے تھے، کھلے عام ایک گھر کو توڑنے کی کوشش کر رہے تھے۔ یہاں تک کہ میرا ماضی بھی کھود نکالا گیا، جو آج کی حقیقت کی نہ تو تعریف کرتا ہے اور نہ ہی کوئی اہمیت رکھتا ہے۔‘
انہوں نے شادی کے متعلق لکھا کہ ’میں عماد وسیم سے شادی کر چکی ہوں۔ یہ بہت تکلیف دہ ہوتا ہے جب لوگ خود کو بچانے کے لیے ایک اکیلی عورت کو موردِ الزام ٹھہراتے اور نشانہ بناتے ہیں، لیکن مجھے ہر چیز سے بڑھ کر اللہ کی حکمت پر یقین ہے۔ میں نے کسی سے ڈیٹ نہیں کیا۔ میری باقاعدہ رشتے کے ذریعے ایک ایسے شخص سے شادی ہوئی جو پہلے شادی شدہ تھا اور بعد میں طلاق یافتہ ہو چکا تھا۔ یہ میری سچائی ہے، اور میں ہی وہ شخص ہوں جس نے اسے جیا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اگر اللہ کی مرضی سے، سب کی رضا مندی کے ساتھ، ہمیں ان کے بچوں کے ساتھ دوبارہ جوڑا جاتا ہے تو میں انہیں کھلے دل سے قبول کروں گی۔ میں ان کا خیال رکھوں گی، ان سے محبت کروں گی، اور ان کی پرورش اُن کے ساتھ مل کر شفقت، احترام اور ذمہ داری کے ساتھ کروں گی۔ میں خلوص دل سے سب سے درخواست کرتی ہوں کہ اس معاملے کو مزید نہ گھسیٹیں اور نہ ہی ایسی باتوں سے اسے جوڑیں جن کا آپ نے خود تجربہ نہیں کیا۔‘
نائلہ راجہ نے ایک دوسری پوسٹ بھی کی جس میں انہوں نے لکھا کہ ’دوسرا موقع ہمیشہ خطرہ نہیں ہوتا، بعض اوقات وہ اللہ کی طرف سے لکھی ہوئی ایک نعمت ہوتا ہے۔‘
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by @sannia_ashfaq2

اس کے بعد عماد وسیم کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق نے ایک اور پوسٹ کی جس میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ عماد وسیم کی وجہ سے انہوں نے اپنا بچہ کھویا ہے۔

انہوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’دسمبر 2023 میں عماد نے لاہور میں میرا بچہ ضائع کروایا۔ وہ ایک قاتل ہے اور میرے پاس اس کا ثبوت دینے والی ویڈیو موجود ہے۔ اُس نے میرے ساتھ بے وفائی کی۔ اسلام آباد یونائیٹد نے ایک قاتل اور بے وفا شخص کو موقع دیا ہے۔ کسی بھی بے وفا یا قاتل کو بچ نکلنے کا موقع نہیں ملنا چاہیے۔‘
ثانیہ اشفاق نے ایک دوسری پوسٹ بھی کی جس میں انہوں بظاہر نائلہ راجہ کے والد کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’تو اس طرح سے آپ نے اپنی بیٹی کی پرورش کی ہے۔‘
یاد رہے کہ عماد وسیم اور ثانیہ اشفاق اگست 2019 میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور ان کے 3 بچے بھی ہیں۔

شیئر: