’پیسہ کچھ بھی کر سکتا ہے‘، سکندر رضا سے متعلق بیان پر عماد وسیم کو تنقید کا سامنا
منگل 27 مئی 2025 10:11
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
سکندر رضا میچ سے 10 منٹ قبل پاکستان پہنچے تھے اور انہوں نے لاہور قلندرز کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے سابق کرکٹر عماد وسیم نے لاہور قلندرز کے کھلاڑی سکندر رضا کی کھیل سے کمٹمنٹ کو پیسے سے وابستہ کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر سپورٹس سے متعلق نجی پروگرام کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں سکندر رضا کی کھیل سے کمٹمنٹ کا ذکر کیا گیا اور ان کے لاہور قلندرز کی فتح میں کردار کو سراہا گیا۔
پروگرام میں تجزیہ کے لیے موجود عماد وسیم نے جواب میں کہا کہ ’بالکل کمٹمنٹ تو ہے لیکن جیسا شعیب اختر بھائی نے بھی پہلے کہا پیسہ سب کچھ کر سکتا ہے، اگر آپ کو پیسے مل رہے ہیں تو آپ کھیلنے کے لیے ضرور آئیں گے‘۔
عماد نے کہا ’میں بھی لیگز کھیلنے جاتا ہوں اور اس سلسلے میں کافی سفر بھی کرتا ہوں۔ میں نے 24 گھنٹے بھی سفر میں گزارے ہیں اور پھر گراؤنڈ میں جا کر میچ کھیلا ہوا ہے، پیسہ یہ ممکن بناتا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اس میں کوئی شک نہیں سکندر رضا ایک بہترین کھلاڑی ہیں، گذشتہ چند برس سے ان کی پرفارمنس بہت اچھی رہی ہے۔ آئی ایل ٹی20 کا فائنل بھی سکندر نے جتوایا، وہ ایک اچھے انسان ہیں، میں بھی ان کے ساتھ کھیل چکا ہوں۔ آپ سکندر کو باقاعدہ میچ ونر کہہ سکتے ہیں۔‘
عماد وسیم نے سکندر رضا کو سراہا مگر ان کی پیسے سے متعلق بیان پر انہیں سوشل میڈیا پر کافی تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سکندر رضا اتوار کے روز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے فائنل میں میچ ونر ثابت ہوئے اور کشال پریرا کی شاندار بیٹنگ کے دوران بہترین میچ وننگ اننگز کھیلی۔
لاہور قلندرز کی فتح کے لمحے میں جب سکندر نے وننگ شوٹس کھیلے کمنٹری باکس میں بھی چرچہ ہونے لگی کہ کیسے سکندر رضا عین میچ سے 10 منٹ قبل ایئر پورٹ سے لاہور کے قذافی سٹیڈیم پہنچے تھے۔
میچ کے بعد کمنٹیٹر سے گفتگو کے دوران بھی سکندر نے بتایا کہ ’دو دن پہلے 25 اوورز کی بولنگ کی، کل 20 اوورز بیٹنگ کی، برمنگھم میں ڈنر کیا، دبئی میں ناشتہ کیا، ابوظہبی جا کر لنچ کیا، پھر فلائٹ لے کر پاکستان آ گیا اور یہاں ڈنر کیا۔ شاید یہی ایک پروفیشنل کرکٹر کی زندگی ہے اور میں واقعی خود کو خوش نصیب اور شکر گزار محسوس کرتا ہوں کہ مجھے یہ زندگی نصیب ہوئی۔‘
ایک جانب فائنل کے پلیئر آف دی میچ کشال پریرا نے قلندرز کی جیت میں اہم کردار ادا کیا لیکن سکندر رضا میچ سے قبل پاکستان پہنچنے کی جدوجہد اور میچ میں اچھی پرفارمنس کے باعث دنیا بھر میں خبروں کی زینت بنے۔
