Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عماد وسیم پلان کا حصہ تھے، محمد عامر سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا کہا: محمد حفیظ

محمد حفیظ کے مطابق محمد عامر نے ’مجھے بتایا کہ میں اب آگے بڑھ چکا ہوں۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ اپنا منصب سنبھالنے کے بعد انہوں نے عماد وسیم کو بتایا تھا کہ ’وہ پاکستان کرکٹ کے لیے میرے پلان کا حصہ تھے۔‘
منگل کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد حفیظ نے حال ہی میں ریٹائرمنٹ لینے والے آل راؤنڈر عماد وسیم اور فاسٹ بولر محمد عامر کے مستقبل کے بارے میں بھی بات کی۔
عماد وسیم کے حوالے سے اُن کا کہنا تھا کہ ’جب میں نے اپنا عہدہ سنبھالا تو عماد وسیم کو پیغام دیا تھا کہ وہ پاکستان کرکٹ کے لیے میرے پلان کا حصہ ہیں۔ تب تک انہوں نے کنٹریکٹ پر دستخط نہیں کیے تھے لیکن اُن کو پھر بھی کنٹریکٹ دیا گیا تھا۔‘
اُن کا مزید کہنا تھا کہ عماد وسیم نے ورلڈ کپ سے پہلے نیوزی لینڈ کے دورے پر جانے سے معذرت کر لی تھیا اور پھر بعد میں انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
دسمبر 2020  میں انٹرنیشل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے فاسٹ بولر محمد عامر کے حوالے سے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ’میں نے ذاتی طور پر محمد عامر کو کال کی اور انہیں بتایا کہ اگر وہ پاکستان کے لیے کھیلنا چاہتے ہیں تو وہ ریٹائرمنٹ واپس لینے اور کرکٹ سسٹم میں واپس آنے کے لیے آزاد ہیں۔‘
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ اگر محمد عامر ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارم کرتے ہیں تو اُن کو ٹیم میں شامل کرنے کے لیے سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔
محمد حفیظ کے مطابق محمد عامر نے ’مجھے بتایا کہ میں اب آگے بڑھ چکا ہوں۔‘
محمد حفیظ کی پریس کانفرنس کے دوران فاسٹ بولر حارث رؤف کا بھی ذکر آیا جنہوں نے اگلے مہینے آسٹریلیا کے دورے پر ٹیم کے ہمراہ جانے سے معذرت کر لی ہے۔
پاکستانی میڈیا میں یہ اطلاعات بھی گردش کر رہی تھیں کہ وہ بِگ بیش لیگ (بی بی ایل) کھیلنے آسٹریلیا جانا چاہتے ہیں لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے انہیں ’نو آبجیکشن سرٹیفیکیٹ‘ (این او سی) جاری نہیں کیا گیا۔
اس حوالے سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ ’سینٹرل اور ڈومیسٹک کنٹریکٹ کے حامل کھلاڑیوں کی پہلی ترجیح پاکستان کی نمائندگی کرنا ہونی چاہیے۔ ہم این او سی پالیسی مرتب کر رہے ہیں اور اس کی تیاری کے بعد اُسے سب تک پہنچا دیا جائے گا۔‘
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’جہاں تک حارث رؤف کی بات ہے پہلے انہوں نے (آسٹریلیا کے دورے کے لیے) دستیابی ظاہر کی تھی لیکن بعد میں اُن کا ذہن بدل گیا۔‘

شیئر: